مشرف فارم ہائوس کے قریب سے عدالتی پیشی سے 2 روز قبل ’’ناکارہ‘‘ بارود برآمد

31 دسمبر 2013
مشرف فارم ہائوس کے قریب سے عدالتی پیشی سے 2 روز قبل ’’ناکارہ‘‘ بارود برآمد

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے + ایجنسیاں) اسلام آباد میں سابق صدر مشرف کے فارم ہاؤس کے قریب سے ایک ہفتے کے عرصے میں دوسری بار ’ناکارہ بارود‘ کے پیکٹ برآمد ہوئے ہیں۔ یہ ’ناکارہ بارود‘ ایسے وقت ان کی رہائش گاہ کے قریب سے ملا ہے جب عدالت نے کل بدھ کو آئین توڑنے کے الزام میں ان پر فرد جرم عائد کرنی ہے اور عدالت نے انہیں اس پیشی پر عدالت میں حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔ دوسری جانب سابق صدر کی قانونی ٹیم کے اہم رکن احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ دھماکہ خیز مواد برآمد ہونے کے یہ واقعات پرویز مشرف کی زندگی کو لاحق خطرات کے بارے میں ان کے خدشات کی عکاسی کرتا ہے۔ اس سے قبل 24 دسمبر کو عدالت میں ان کی پیشی پر بھی اسی مقام کے قریب سے بارود کے پیکٹ اور دو پستول ملے تھے۔ عدالت نے پرویز مشرف کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے سابق صدر کو اس پیشی کے لیے عدالت میں آنے سے مستثنیٰ قرار دیا تھا۔ مقامی پولیس سٹیشن بنی گالہ کے ایس ایچ او نے بی بی سی کو بتایا کہ دوسری بار ملنے والا یہ دھماکہ خیز مواد آدھ آدھ کلو کے پانچ پیکٹوں پرمشتمل ہے جو حملہ کرنے کے لیے تیار حالت میں نہیں تھا۔ ان میں صرف ایک کے ساتھ ڈیٹونیٹر منسلک تھا اور دیسی ساختہ مواد کے یہ پیکٹ تھوڑے تھوڑے فاصلے پر پڑے ہوئے تھے۔