علم کا حصول ہی ہمیں خوشحالی کی منزل تک لے جا سکتا ہے: گورنر پنجاب

31 دسمبر 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ علم کا حصول ہی ہمیں خوشحالی کی منزل تک لے جا سکتا ہے۔ موجودہ دور میں وہی قومیں ترقی کے سفر میں سب سے آگے ہیں جو اپنے علمی خزانے کی طاقت سے کام لینا جانتی ہیں۔ پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم پاکستان کیلئے کچھ کرکے دکھائیں اور یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم نوجوانوں کو ایسا تعلیمی معیار مہیا کریں کہ وہ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے بجائے اپنے ملک میں تعلیم حاصل کرنے کو ترجیح دیں اور فخر محسوس کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے پانچویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے کامیاب ہونے والے طلباءو طالبات جن میں 785 گریجوایٹس‘ 30 پی ایچ ڈی‘ 245 ڈی وی ایم‘ 200 ایم فل‘ 85 ڈی فارمیسی‘ 4 ایم ایس سی‘ 176 بی ایس آنرز‘ 8 ایم بی اے کے طالبعلموں میں اسناد تقسیم کیں۔