مردہ جانوروں کی چربی سے تیل بنانے والوں کیخلاف کریک ڈائون کیا جائے: بلال یاسین
لاہور (نیوزرپورٹر) صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول بلال یاسین نے صوبہ بھر کے تمام ڈی سی اوز کو ہدایت کی ہے کہ مردہ جانوروں کی چربی اور باقیات سے تیل بنانے اور مرغیوں کی خوراک میں استعمال کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈائون شروع کیا جائے اور اس گھنائونے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔یہ ہدایات انہوں نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں اس وقت 60فیصد غیر قانونی سلاٹرنگ ہورہی ہے۔ جس پر صوبائی وزیر نے ہدایات دیں کہ وہ غیر قانونی سلاٹرنگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں تاکہ شہریوں کو صحت مند جانوروں کا گوشت فراہم کیا جاسکے۔ محکمہ لائیو سٹاک کے افسران ضلعی حکومتوں کے ساتھ مل کر پانی ملے گوشت کی فروخت کرنے والوں کے خلاف اقدامات کریں۔