اسلام آباد(جاوید صدیق)پاکستان میں چین کے سفیر لوژواہوئی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین بھارت کے خلاف کوئی جارحانہ عزائم نہیں رکھتے۔پاک چین گٹھ جوڑ کے بارے میں بیانات بھارت کی طرف سے آ رہے ہیں وہ بعض افراد کے ہو سکتے ہیں۔ بھارتی حکومت کے نہیںگزشتہ شام یہاں ایک مقامی فائیو سٹار ہوٹل میں چائینز ریڈیو انٹرنیشنل اور کنفیوشس سنٹر کے اشتراک سے پاکستان میں کنفیوشس کلاس روم کے اجرا کی تقریب کے بعد نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی طرف سے حملے کی باتیں بے بنیاد ہیں پاکستان بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوششیں کر رہا ہے۔چینی سفیر سے پوچھا گیا کہ کیا چین پاکستان میں سکیورٹی صورت حال کے پیش نظر پاکستان میں سرمایہ کاری سے ہاتھ کھینچ رہا ہے تو لوژواہوئی نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں چین نے پاکستان میں درجنوں نئے منصوبوں پر کام شروع کیا ہے اس وقت تیرہ ہزار سے زیادہ چینی پاکستان میں سڑکوں‘ڈیموں اور دوسرے تعمیراتی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون جاری ہے اس سے قبل چائنا ریڈیو انٹرنیشنل اور کنفیوشس سنٹر کے اشتراک سے پاکستان کے علاقہ مظفر گڑھ میں چینی زبان سیکھنے کے کلاس روم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی جو شہد سے زیادہ میٹھی اور ہمالیہ سے زیادہ بلند ہے جس کی تعمیر میں کئی شعبوں نے کام کیا ہے۔اب نوجوان نسل کو اس دوستی کو آگے لے کر جانا ہے۔اس کے لئے ضروری ہے کہ چین کی نئی نسل اردو سیکھے اور پاکستان کی نئی نسل کو چینی سیکھنا چاہئے تاکہ دونوں ملکوں میں مستقبل کے تعلقات اور مستحکم ہو سکیں۔چینی سفیر نے کہا کہ زبان لوگوں اور ملکوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی اعظم ہوتی نے کہا کہ چین دنیا کی ابھرتی ہوئی سپر پاور ہے اس لئے پاکستان کے نوجوانوں کو چینی زبان سیکھنی چاہئے۔وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی کنفیوشس اور چائنا ریڈیو انٹرنیشنل کے تعاون سے پاکستان میں چینی زبان سکیھنے کے لئے کلاس روم کے آغاز کا خیر مقدم کیا اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔تقریب سے ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل اور کنفیوشس سنٹر یونگ کانگ کی نمائندہ خاتون نے بھی شرکت کی۔
چینی سفیر
چینی سفیر