اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ملک کی سابق عسکری قیادت نے بھارت کی فوج کے سربراہ کی طرف سے چین اور پاکستان پر بیک وقت حملہ کرنے کی دھمکی کو دیوانے کی بڑھک اور ذہنی توازن سے عاری شخص کی بات قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ چین تو دور کی بات ہے بھارت پاکستان پر حملہ کرنے کی بھی پوزیشن میں نہیں ہے۔ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمید گل نے کہا کہ بھارت کی فوج کے سربراہ کی دھمکی گیدڑ بھبکی ہے اور اس سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ بھارت پاکستان کے عوام کے اندر خوف پیدا کرنا چاہتا ہے۔ بھارت امریکہ کے کندھوں پر سوار ہے اور اس خطرہ سے کہ امریکہ گرے گا اور وہ بھی بوجھ تلے آ کر کچلا جائے گا۔ اس سے حالت خوف میں اس طرح کے بیانات دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت‘ پاکستان کی صلاحیت کو ماضی میں دیکھ چکا ہے۔ کسی ایٹمی طاقت پر حملہ کرنا خالہ جی کا گھر نہیں ہے۔ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت بھارت سے بہت بہتر ہے۔ پاکستان سٹیل کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم نے کہا کہ بھارتی فوجی سربراہ کا بیان پاگل پن ہے۔ بھارت جنگی جنون کو ہوا دینے کے لئے اس طرح کے بیانات جاری کر رہا ہے۔ اس طرح کے بیانات انتہائی خطرناک ہیں اور ان سے گریز کرنا چاہئے۔ یہ خود بھارت کے مفادات کے خلاف جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین تو بہت بڑا ملک ہے بھارت پاکستان پر بھی حملہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا ہے۔ بھارت شائد چین کے ہاتھوں 1962ءکی مار کو بھول گیا ہے۔
حمید گل / عبدالقیوم
حمید گل / عبدالقیوم