بینظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ مایوس کن اور ناقابل قبول ہے، بلاول بھٹو , ملزمان کو سزا ہوئی لیکن اصلی قاتل اب بھی آزاد ہیں، آصفہ بھٹو
بینظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد سابق مرحومہ وزیر اعظم کے بچوں نے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا اس ضمن میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کیس کا فیصلہ مایوس کون اور ناقابل قبول ہے، قاتلوں کی رہائی صرف ناانصافی ہی نہیں بلکہ خطرناک بھی ہے جبکہ پارٹی قانونی آپشنز پر غور کرے گی۔بھائی بہنوں میں سب سے چھوٹی آصفہ بھٹو زرداری کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ بی بی کی شہادت کو دس سال گزر گئے لیکن ہم اب تک انصاف کے منتظر ہیں، ملزمان کو سزا ہوئی لیکن اصلی قاتل اب بھی آزاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ انصاف اس وقت تک نہیں ہوگا جب تک پرویز مشرف اپنے جرائم کا حساب نہیں دے دیتے۔بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے بھی اپنے ٹویٹ میں فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا لیکن اصل دہشت گردوں کو بری کردیا گیا جو شرمناک بات ہے۔واضح رہے کہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بینظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 5 گرفتار ملزمان کو بری جبکہ سابق سٹی پولیس افسر (سی پی او) خرم شہزاد اور سابق سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) سعود عزیز کو مجرم قرار دے کر 17، 17 سال قید کی سزا اور مرکزی ملزم سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دے دیا تھا.
#/