مری + اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + ریڈیو نیوز، وقت نیوز + ایجنسیاں) وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیر کاز پر سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ کشمیریوں کی اخلاقی‘ سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ ہم نے آئین اور جمہوریت کو بحال کیا، ہم چور دروازے سے حکومت میں نہیں آئے۔ مخالفین سینٹ الیکشن سے پہلے حکومت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ حکومت ختم ہونے کی باتیں کرنے والے نجومی اب بس کر دیں سیاسی جماعتوں کی کارکردگی کا فیصلہ 2013ء کے انتخابات میں ہو جائے گا۔ مری کے علاقے لوئر ٹوپہ میں عوامی اجتماع اور اسلام آباد مری ایکسپریس وے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈکٹیٹر شہید بھٹو اور شہید بی بی کو شہید کر سکتے ہیں لیکن انکی سوچ ختم نہیں کرسکتے۔ موجودہ جمہوریت بے نظیر بھٹو کی وجہ سے ہے۔ پی پی عوام کے حقوق کیلئے کام کرتی رہے گی۔ پی پی کا کارکن نہ جھکتا اور نہ بکتا ہے۔ بے نظیر عوام کی خاطر وطن واپس آئیں۔ عوام کے حوصلے سے مجھے بھی حوصلہ ملا۔ جب سے وزیراعظم بنا ہوں نجومیوں کی پیش گوئیاں جاری ہیں۔ کہا گیا تین مہینے کا وزیراعظم ہوں، آج چوتھا سال ہے۔ ایک لیڈر کا بیان پڑھا کہ اب جدوجہد سڑکوں پر ہوگی، ہم سڑکوں پر جدوجہد سے نہیں ڈرتے۔ مارچ میں ہونیوالے سینٹ الیکشن میں کامیاب ہوں گے۔ عوامی کام نہ ہوئے تو وزیراعظم بننے کا کوئی حق نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سب کی ایک سوچ ہے کہ ہم سے چھٹکارا کیسے حاصل کیا جائے۔ آئینی یا غیرآئینی طور پر، ملک میں بڑے نجومی ہیں، ہم جب اقتدار میں آئے عوام کے ذریعے آئے۔ آئندہ سال سینٹ الیکشن میں کامیاب ہو کر دکھائینگے۔ جمہوری حکومت کے خاتمے کیلئے غیر آئینی حربے استعمال کئے جا رہے ہیں‘ وزیراعظم نے جلد مری کیلئے گیس کی فراہمی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پیپلز پارٹی کا اصل مقصد ہے۔ اگر وزیراعظم ہوں تو عوام کی وجہ سے ہوں اگر ترقیاتی کام نہیں ہونگے تو پھر ہم وزیراعظم بننے کے اہل نہیں ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم گیلانی نے اسلام آباد مری ایکسپریس وے کا افتتاح کر دیا ہے۔ اسلام آباد مری ایکسپریس وے کے منصوبے میں چار لین شامل تھیں جس پر 12 ارب 66 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے جبکہ ایکسپریس وے کی لمبائی 43 کلومیٹر ہے جس کی تکمیل سے آزاد کشمیر اور گلیات کی عوام کو فائدہ ہو گا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم گیلانی سے پاکستان کےلئے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی رﺅف انگین سوئسال نے منگل کو یہاں وزیراعظم ہاﺅس میں الوداعی ملاقات کی۔ رﺅف سوئسال اس سے قبل پاکستان میں ترکی کے سفیربھی رہ چکے ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان میں زلزلے کے بعد امدادی کاموں میں ان کی شاندار خدمات کو سراہا۔ دریں اثنا وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان ہمیشہ اچھے دوستانہ تعلقات رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے قازقستان کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں پاک قازقستان تعلقات کے مختلف پہلوﺅں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم گیلانی سے سیکرٹری الیکشن کمشن نے ملاقات کی جس میں انہوں نے الیکشن اصلاحات کے حوالے سے وزیراعظم کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے الیکشن کمشن کے کردار کو سراہا۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024