گنٹھیا کے مریض کے ساتھ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ گنگا رام کا رویہ
مکرمی! میں گنٹھیا کا مریض ہوں، بیت المال سے مالی امداد کے بعد گنگا رام ہسپتال سے علاج معالجہ کراتا ہوں لیکن اکثر اوقات گنگا رام میں واقع سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے رویے کی وجہ سے انجکشن اور ادویات ملنے میں تاخیر ہو جاتی ہے جس سے بیماری مزید زور پکڑتی ہے اور شدید تکلیف رہتی ہے۔ اس بار بھی صورتحال ایسی ہی ہے، علاج کے اخراجات کے لیے بیت المال سے 2 لاکھ 90 ہزار کا چیک 31 اگست کو جاری ہوا لیکن ایک ماہ ہونے کو ہے تاحال مجھے ادویات نہیں مل رہیں۔ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ گنگا رام کے افسر ہر روز چکر لگواتے ہیں، گنٹھیا کے مریض کے لیے چلنا بھی دشوار ہے لیکن نہ جانے مجھے ذہنی اور جسمانی اذیت دینے سے ان کو کیا حاصل ہوتا ہے، دو دن پہلے بھی چکر لگایا تو متعلقہ عملے نے پھر ہفتے کو آنے کا کہا۔ برائے مہربانی وزیر اعلیٰ، متعلقہ صوبائی وزیر، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اور ایم ایس گنگا رام میں سے کوئی اعلیٰ عہدیدار ہی نوٹس لے اور مجھ جیسے مریض کی حالت پر ترس کھائے۔ بیت المال سے ملنے والی امداد کے ذریعے بروقت علاج کی سہولت مہیا ہو جائے۔ جب تک زندگی ہے، دعاگو رہوں گا۔ (محمد ایوب لاہور، 0321-4039716 )