کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان گلاب کی آمد کے پیشِ نظر تیز اور طوفانی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جو آج شام سے شروع ہوجائے گی۔
تفصیلات کے مطابق محکمۂ موسمیات نے سمندری طوفان گلاب کی آمد سے خبردار کردیا جو یکم اکتوبر کو ملک کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتا ہے جبکہ ہوا کا کم دباؤ بھارتی شہر گجرات کے جنوبی علاقے میں موجود ہے جو شمال مغرب کی طرف بڑھ سکتا ہے۔
سمندری طوفان کے متعلق اپنے بیان میں محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ 30 ستمبر کو جمعرات کے روز طوفان زور پکڑ سکتا ہے جو آئندہ 24 گھنٹوں میں جمعے کے روز تک مزید طاقتور ہوسکتا ہے۔ ماہی گیر 30 ستمبر سے 3اکتوبر تک گہرے سمندر میں نہ جائیں۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندر کی صورتحال خطرناک ہونے کے پیشِ نظر ماہی گیروں کو سمندر سے دور رہنا ہوگا۔ بدھ کے روز سے ٹھٹھہ، بدین اور کیٹی بندر میں طوفانی بارش جاری ہے جبکہ کراچی میں آج شام کو تیز بارش ہوسکتی ہے جس سے اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
آئندہ 3 روز میں کراچی، حیدر اباد، ٹھٹھہ اور دادو کے علاقوں میں طوفانی بارش ہوسکتی ہے۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش 2 اکتوبر تک جاری رہے گی جس سے کراچی، بدین، ٹھٹھہ، حیدر آباد، دادو، میرپور خاص، شہید بے نظیر آباد میں اربن فلڈنگ ہوسکتی ہے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے طوفانی بارش سے درپیش خطرات کے پیشِ نظر سینئر بلڈنگ انسپکٹر اور بلڈنگ انسپکٹر سمیت 3 افسران کی 3 شفٹوں میں ڈیوٹیاں لگا دی ہیں جو تعطیلات کے دنوں میں بھی کام کریں گے۔
ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر کی زیرِ نگرانی ایمرجنسی سینٹر کو فعال کردیا گیا جو یکم سے 15 اکتوبر تک کام کرے گا جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہنگامی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے سے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے۔