پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے قائد حزب اختلاف کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے،سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی نے استعفیٰ سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ میں نے سوئی گیس سے متعلق بیان پر اپنی غلطی کا اعتراف کرکے پارٹی قیادت سے معافی مانگی اور اپنا استعفیٰ اسی روز پیش کردیا تھا جو پارٹی چیئرمین کے پاس ہے۔گورنر سندھ عمران اسماعیل کا فردوس شمیم نقوی کے استعفے سے متعلق کہنا ہے کہ فردوس شمیم نقوی نے استعفیٰ اسی روز معذرت کرنے کے بعد دے دیا تھا، فردوس شمیم نقوی کے استعفیٰ کے حوالے سے ابھی وزیر اعظم عمران خان نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اورتحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے گیس کے بحران پر وزیرِ اعظم عمران خان سمیت وفاقی وزرا پر تنقید کی تھی جس پر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی قیادت کی جانب سے سندھ اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف فردوس شمیم نقوی سے استعفے طلب کیا گیا تھا اورمرکزی قیادت کی جانب سے فردوس شمیم نقوی کو سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے مستعفی ہونیکی ہدایت کی گئی تھی۔واضح رہے کہ فردوس شمیم نقوی نے اپنی ہی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان سمیت سب کو شرم دلائیں گے۔پارٹی قیادت کی جانب سے استعفی طلب کیے جانے پراپنے ویڈیو پیغام میں فردوس شمیم نقوی کا کہناہے کہ میں گورنر سندھ کے ہمراہ سکھرکے دورے پر گیا تھا، وہاں تقریب کے دوران ہی استعفیٰ سے متعلق کالیں آنا شروع ہوگئیں۔ان کا کہنا ہے کہ میں نے استعفیٰ اخلاقی طور پر اسی وقت دے دیا تھا جس دن میں نے سوئی گیس کے حوالے سے بیان پر معافی مانگی تھی۔اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے مزید کہا کہ میں نے سوئی گیس سے متعلق بیان پر اپنی غلطی کا اعتراف کیا تھا، پارٹی قیادت سے معافی مانگی اور اپنا استعفیٰ پیش کردیا تھا جو پارٹی چیئرمین کے پاس ہے،میں پی ٹی آئی کا ورکر ہوں، پارٹی چیئرمین کی مرضی ہے کہ وہ میرا استعفیٰ منظور کریں یا نہ کریں۔فردوس شمیم نقوی نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں گیس اور بجلی کا مسئلہ حل ہونا چاہیے، شہریوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا ہے اب ہمیں ڈیلیور کرنا ہے۔مزید براں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ فردوس شمیم نقوی نے اخلاقی بنیاد پر استعفیٰ مجھے دے دیا ہے۔
#/S