پاکستان خطے میں امن اور استحکام کیلئے کوشاں ہے، ڈاکٹر عارف علوی
اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) جنوبی افریقہ، اٹلی، مصر، عراق، قطر اور سوئٹزر لینڈ کے سفیروں اور ہائی کمشنروں نے گذشتہ روز ایوان صدر میں صدر ڈاکٹر عارف علوی کو اسناد تقرر پیش کیں۔ ایوان صدر کے ذرائع کے مطابق اسناد تقرر پیش کرنے کے بعد سفیروں اور ہائی کمشنروں نے صدر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ صدر نے سفیروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام ملکوں سے قریبی اور دوستانہ تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کیلئے کوشاں ہے۔ صدر نے غیر ملکی سفیروں کو بتایا کہ بھارت غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ کشمیری مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش میں ہے۔ عالمی برادری کو بھارت کی ان خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔