میئر اسلام آباد سے بوسنیا کے سفیر کی ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے
اسلام آباد (وقائع نگار)میئر اسلام آباد شیخ عنصر عزیز سے بوسنیا کے سفیر کی ملاقات ہوئی ہے ملاقات میں ،باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے ، دونوں ملکوں کو تجارتی شعبے میں تعلقات گہرے بنانے پر اتفاق ہوا،دونوں ملکوں کے تعلقات مزید بہتر بنانے پر غور کیا گیا ۔ میئر اسلام آباد شیخ عنصر عزیز سے بوسنیا کے سفیر ثاقب فورک نے اسلام آباد میں ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ عنصر عزیز نے کہا کہ پاکستان اور بوسنیا دوستی کے رشتے میں جڑے ہوئے ہیں اس دوستی کو بہتر سے بہتر اور مضبوط سے مضبوط بنائیں گے ،پاکستان اور بوسنیا سیاحتی مقامات بہت زیادہ ہیں اسی لئے دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے کی سیاحت کو فروغ دینا ہو گا ۔ بوسنیاکے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہو گا ۔ بوسنیا کے سفیر نے والہانہ استقبال پر میئر اسلام آباد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بوسنیا پاکستان کو تجارتی تعلقات میں مضبوط بنانا چاہتا ہے ۔ پاکستان اور بوسنیا سے تجارتی تعلقات بہتر بنانے کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بوسنیا پاکستان کے مختلف شعبو ں کے تجربات سے فائدہ اْٹھانا چاہتا ہے دنیا میں کرونا وائرس کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے میئر اسلام آباد نے بوسنیا کے سفیر کو بتایا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے بہت کام کیا ہے پورے اسلام آباد میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سپرے کیا گیا اور ایم سی آئی کے عملے نے فرنٹ لائن پر کام کیا اور اللہ کا شکر ہے کہ ہم کافی حد تک کامیاب رہے ہیں لیکن اس وبا نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے بوسنیا کے سفیر نے میئر اسلام آباد کی طرف سے کرونا وائرس کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات کو سراہا ۔