ایڈیشنل ڈائریکٹر ایس ای سی پی کی ڈیٹا لیک انکوائری کیخلاف سماعت کا حکم
اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آبادہائیکورٹ نے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایس ای سی پی ارسلان ظفر کی ڈیٹا لیک انکوائری کیخلاف درخواست پر سماعت کاتحریری حکم جاری کردیا۔چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت سے جاری حکم نامہ میں کہاگیاہیکہ بادی النظر میں ایس ای سی پی نے ایسا ڈیٹا پبلک ہونے پر کارروائی شروع کی جو یوں بھی پبلک ہی ہونا چاہیے،ایسی کمپنیوں کی شئیر ہولڈنگ کا ڈیٹا پبلک ہوا جن میں ایک پبلک آفس ہولڈر کے مفادات تھے،ایس ای سی پی وکیل نے تسلیم کیا متعلقہ کمپنی نے ڈیٹا پبلک ہونے کی کوئی شکایت درج نہیں کرائی،متعلقہ کمپنی کے شئیر ہولڈر بھی ڈیٹا پبلک ہونے سے متاثرہ فریق نہیں،بادی النظر میں ایس ای سی پی کے کنڈکٹ نے بدنیتی اور غیر جانبداری کے حوالے سے سوال اٹھائے ہیں، ایس ای سی پی نے مطمئن کرنا ہے کہ پبلک ڈومین میں آنے معلومات کس قانون کے تحت خفیہ تھیں؟ایس ای سی پی ماضی میں ایسا ڈیٹا پبلک ہونے پر کی گئی کارروائیوں سے متعلق آگاہ کرے گی،ایس ای سی پی کا اپنے طور پر ہی کارروائی شروع کرنا بدنیتی اور غیر جانبداری پر سوالات اٹھاتا ہے،عدالت کو بتایا گیا کہ ایک جونیئر آفیسر کو انکوائری سونپ کر کمیشن کے ایچ آر مینوئل کی بھی خلاف ورزی کی گئی،ایس ای سی پی انکوائری رپورٹ کے تناظر میں 12 اکتوبر تک کوئی کارروائی نہ کرے، پٹیشنر شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرا کر کاپی عدالت میں بھی جمع کرائے۔