شہباز شریف کی گرفتاری‘ اپوزیشن نے معاملہ پنجاب اسمبلی میں اٹھانے کیلئے ریکوزیشن جمع کرا دی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری کا معاملہ اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی میں اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔ اس حوالے سے ریکوزیشن اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی گئی۔ مسلم لیگ (ن) کے 4 رکنی وفد نے ریکوزیشن اسمبلی کے ڈی جی پارلیمانی افیئرز اینڈ ریسرچ عنایت اللہ لک کو جمع کرائی۔ مسلم لیگ (ن) کے وفد میں سمیع اللہ خاں، خلیل طاہر سندھو، ملک وارث کلو اور ذیشان رفیق شامل تھے۔ ریکوزیشن میں اپوزیشن نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری‘ امن و امان اور مہنگائی کے ایشوز کو بنیاد بنایا ہے۔ اپوزیشن پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیوں پر سخت احتجاج کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اپوزیشن کی ریکوزیشن پر اسمبلی رولز کے مطابق سپیکر چوہدری پرویز الٰہی 14 روز کے اندر اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔