نیوزی لینڈ کا پاکستان کیخلاف ہوم سیریز کے شیڈول کا اعلان
لاہور/آکلینڈ(آئی این پی)نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے ہوم سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم دسمبر اور جنوری میں نیوزی لینڈ میں 3ٹی ٹوئنٹی اور 2ٹیسٹ میچ میچز کھیلے گی، ٹی ٹوئنٹی میچ 18، 20اور 22دسمبر کو آکلینڈ، ہملٹن اور نیپیئر میں ہوں گے جب کہ پہلا ٹیسٹ 26دسمبر سے تاورنگا اور دوسرا ٹیسٹ کرائسٹ چرچ میں 3جنوری سے شروع ہوگا۔ٹی ٹوئنٹی میچز پاکستانی وقت کے مطابق دن 12بجے، ٹیسٹ میچز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 4بجے شروع ہوا کریں گے۔قومی کرکٹ ٹیم سیریز کیلئے 23نومبر کو نیوزی لینڈ روانہ ہوگی اور نیوزی لینڈ پہنچنے کے بعد تین دن ٹیم مکمل آئسولیشن میں رہے گی۔ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دورہ نیوزی لینڈمیں ہمیشہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے والا ملک ہے، جہاں اسپورٹ کرنے والے شائقین بستے ہیں، امید ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اس مرتبہ بھی دورہ نیوزی لینڈ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔