غلام حیدر وائیں نے مسلم لیگ کو منظم‘ فعال کیا: غلام حسین شاہد‘ طارق رشید
میاں چنوں (نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیراعلیٰ پنجاب غلام حیدر وائیں نے کارکنوں کو جو عزت تکریم اور حوصلہ بخشا جس کی مثال نہیں ملتی قیام پاکستان کے بعد اگر کسی نے مسلم لیگ کو منظم اور فعال کیا تو وہ شہید وائیں ہی تھے۔ ہمیں بطور لیگی عہدیداران و کارکنان اس بات کا شدید دکھ ہے کہ مسلم لیگ کو قریہ قریہ پہنچا کر اس کی جڑیں مظبوط تر کر دینے والی عظیم ہستی وائیں شہید کے جانشینوں بیگم مجید ہ وائیں اور ڈاکٹر غزالہ شاہین وائیں کی انتھک اور بے لوث 27 سالہ کاوشوں اور قربانیوں کو نظر انداز کر کے جماعت اور قائدین نے محسن کشی کی۔ مگر اس سب زیادتی اور نا انصافی کے باوجود ڈاکٹر غزالہ وائیں نے ہر فورم پر جماعت کے منشور کے مطابق بھرپور نمائندگی کی اور ضلع بھر میں نا صرف خواتین ونگ بلکہ مسلم لیگ ن کہ تما م ونگز کی تنظیم سازی اور سرپرستی میں بنیادی کردار ادا کر کے خود کو وائیں شہید کا مثالی جانشین ثا بت کیا۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن یوتھ وونگ کے بانی و صوبائی قائد میاں غلام حسین شاہد اور جنرل سیکر ٹری ڈویژ ن ملتان شیخ طارق رشید نے غلام حیدر وائیں شہید کی27ویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ممبران اسمبلی اسلم بودلہ‘ عامر حیات ہراج و لیگی عہدیداران راؤ سعادت‘ محمد جمیل فریدی ضلعی صدر خانیوال یوتھ ونگ شبیر ساقی نے کہا کہ حق تو یہ تھا کہ بیگم مجیدہ وائیں کی علالت کے بعد غزالہ وائیں کو مخصوص نشست پر ممبر قومی اسمبلی منتخب کیا جاتا لیکن ایسا نہ کر کے وائیں شہید اور ان کے خاندان کی قربانیوں کو پس پشت ڈال دیا گیا جو کہ انتہائی تکلیف دہ امر ہے۔ نظریاتی لیگی کا رکنان ہر محاذ پر وائیں شہید کی جانشین کی کا وشوں کے معترف ہیں۔ غزالہ شاہین وائیں نے اپنے خطاب میں ملک کے طول ارض سے آنے والے وائیں شہید کے چاہنے والوں اور مسلم لیگی اکابرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عہد کیا کہ وہ وائیں شہید کے مشن کو ہر حال میں جاری و ساری رکھیں گی اور میاں نواز شریف‘ میاں شہباز شریف کے ہر حکم پر لبیک کہیں گی اور اگر جماعت نے احتجاجی تحریک کا اعلان کیا تو وہ حسب روایت اپنے کارکنوں کے ساتھ صف اول پر کھڑی ہوں گی۔ تقریب کے مقررین نے غلام حیدروائیں کی شہادت کو مسلم لیگ ہی نہیں بلکہ علاقہ بھر کی غریب عوام کے لئے عظیم سانحہ و نقصان قرار دیا۔