پی ٹی ڈی سی میں بھرتیوں سے روکنے کے حکم میں توسیع برقرار
اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے پی ٹی ڈی سی میں غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق کیس پرحکومت کو پی ٹی ڈی سی میں بھرتیوں سے روکنے کے حکم میں آئندہ سماعت تک توسیع برقراررکھتے ہوئے وکیل کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے پی ٹی ڈی سی کے وکیل عدالت میں پیش نہ ہونے پربرہمی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ ایسا لگ رہا ہے کہ اب یہ فیڈریشن کی عادت بن چکی ہے،اگر آئندہ سماعت پر بھی وکیل پیش نہ ہوئے تو جرمانہ کروں گا، جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ وزارت کا جوائنٹ سیکرٹری عدالت میں بیان دے کر گیا کہ ایم ڈی کی تعیناتی کیلئے پراسیس کر رہے ہیں، مضحکہ خیز بات ہے کہ 22 کروڑ میں سے ایک کوالیفائیڈ بندہ نہیں مل رہا،اسی لئے پھر لوگ کہتے ہیں کہ یہ اتنے نااہل ہیں کہ ایک بندہ بھی نہیں مل رہا،اس طرح تو کام نہیں چلے گا، التوائ ملازمین کے ساتھ زیادتی ہے، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہیے عدالت ملازمین کی درخواست پر فیصلہ کرنا چاہتی ہے،اگر انکی درخواست منظور ہو تو ریلیف ملے مسترد ہو جانے پر وہ اس کو چیلنج کر سکیں،اگر مستقل چیئرمین ہو تو پھر جو مرضی فیصلے کریں کسی کو کیا اعتراض ہے،عدالت نے یہ بھی دیکھنا ہے کہ قائم مقام ایم ڈی پالیسی فیصلے کر سکتا ہے یا نہیں،ڈپٹی اٹارنی جنرل اور پی ٹی ڈی سی کے وکیل ایک تاریخ مقرر کر لیں اور اس پر دلائل دیں،جو تاریخ مقرر کریں اس پر اگر دلائل نہ دیے گئے تو جرمانہ عائد کرونگا،عدالت نیدرخواست گزاران کے وکیل کی حکم امتناع کی استدعا مستردکرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔