آن لائن فراڈ؟
مکرمی :ان دنوں بینکنگ کے حوالے سے فریب اور دھوکہ دہی کی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین کی بے پناہ شکایات موجود ہیںمجھے آن لائن ادائیگی کے پلیٹ فارم کے آفیشل نمبر سے حال ہی میں ایک پیغام موصول ہوا۔ یہ پیغام ٹرانزیکشن کے لئے ایک او ٹی پی پر مشتمل تھا۔ پہلے تو میں نے اس پیغام کو نظرانداز کر دیا لیکن اس کے فوراً بعد مجھے ایک کال موصول ہوئی۔ فون کرنے والے نے ایک عجیب و غریب کہانی بیان کی کہ اس نے غلطی سے کس طرح غلط نمبر پر رقم بھیجی اور اگر میں اسے واپس بھیج دوں تو وہ اس کا احسان مند ہوگا میں نے متعلقہ بینک کی ہیلپ لائن پر فون کیا اور انہوں نے کہا کہ میں نے مطلع کر کے درست کام کیا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ کال کرنے والے اور اس کے پیغامات کو نظر انداز کر دیں کیونکہ ان دنوں یہ ایک عام فریب ہے۔ ڈیجیٹل بینکنگ پلیٹ فارمز متعدد سیکورٹی پروٹوکول سے لیس ہیں تاکہ اکائونٹ کے ساتھ ساتھ ہر قسم کے لین دین کو یقینی طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔ دھوکہ عمومی طور پر اس وقت ہوتا ہے جب لوگ دھوکہ دہی کے ہتھکنڈوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ یہ بات جاننا ضروری ہے کہ ایک مالی ادارہ کسی بھی قسم کا ذاتی ڈیٹا یا او ٹی پی، پن کوڈز وغیرہ جیسی معلومات کیلئے اپنے صارفین کو کال نہیں کرے گا۔ بینک، مالیاتی ادارے اس طرح کی دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کے خطرے کو کم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں تاہم ہمیں بھی چوکناّرہنا ہوگا (محمّد عالمگیر خان)