راولپنڈی ( اپنے سٹاف رپورٹرسے) کنٹونمنٹ بورڈراولپنڈی کے پریذیڈنٹ بریگیڈیئر اعجاز قمر کیانی نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور بزنس کمیونٹی کو شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں ، پارکنگ کے مسائل اور ٹیکس ریلیف کے حوالے سے گفتگو کی اس موقع پر صدر صبور ملک، گروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر نوشیروان خلیل خان، نائب صدر حمزہ سروش،سابق صدور اسد مشہدی، شاہد سلیم ،نو منتخب صدر ناصر مرزا ، سینئر نائب صدر عثمان اشرف اورنائب صد ر شاہ ریز اشرف ملک ، مجلس عاملہ کے اراکین ، انجمن تاجرا ن کے نمائندے ، شیخ حفیظ،زاہد بختاوری، ظفر قادری ، منیر بیگ اور چیمبر ممبران بھی موجود تھے ۔بریگیڈیئر اعجاز قمر نے کہاکہ ’’پبلک آوٹ ریچ‘‘پروگرام کے تحت غیر قانونی رہائشی عمارات کی ریگولرائزیشن کے لئے ایک پروگرام شروع کیا گیا ہے سکیم کے تحت غیر قانونی رہائشی عمارات کے مالکان مقررہ مدت میں صرف 2500روپے نقشہ فیس کی مد میں اور دیگر مروجہ واجبات کی ادائیگی کرکے صرف 3یوم میں نقشہ منظور کرواسکتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ کرونا وبا کے باعث پراپرٹی ٹیکس میں بھی چھوٹ دی گئی ہے۔ جس کے تحت رہائشی پراپرٹی پر بیس فیصد کی بجائے دس فیصد اور کمرشل پر تیس فیصد کی بجائے پندرہ فیصد ٹیکس لاگو ہو گا۔صدر کینٹ میں دکان مالکان اور سیلز مینوں کے لیے مفت پارکنگ کی جگہ کی نشاندہی کر دی گئی ہے عمار چوک اور کچہری چوک کشادگی کا کام جلد شروع ہو گا۔شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کو پرکشش بنایا جائے گا۔ اس سے پہلے صدر صبور ملک نے شہر میں تجاوزارت کے خاتمے، صدر میں پارکنگ کے مسلے کو حل کرنے، اور شہر کی خوبصورتی کے حوالے اہم اقدامات کو سراہاتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری سٹیشن کمانڈر کی جانب سے ذاتی دلچسپی لینے پر انتہائی مشکور ہے۔
غیر قانونی رہائشی عمارات کی ریگولرائزیشن کے لئے ایک پروگرام شروع کیا ہے
Sep 30, 2020