اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، سرمایہ کاروں کے 2 کھرب روپے ڈوب گئے
کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںجمعرات کو شدید مندی چھائی رہی جس کے نتیجے میںکے ایس ای100 انڈیکس41 ہزار اور40 ہزار کی نفسیاتی حدوں کی حدیں گر گئیں اور انڈیکس 1298.86 پوائنٹس کی کمی سے 39888 پوائنٹس کی سطح پر آگیا جب کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کو ترجیح دینے کے باعث 87.20 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میںکمی ریکارڈکی گئی جس کے سبب سرمایہ کاروںکو2کھرب 9 ارب 64کروڑ51 لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑاجب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت47.05 فیصدکم رہا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو ٹریڈنگ کے آغازسے ہی منفی رجحان دیکھنے میں آیا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کے دباوٗ کے باعث مندی چھاگئی جس کے نتیجے میں ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100 انڈیکس41 ہزار اور40 ہزار کی نفسیاتی حدوں سے نیچے گرتے ہوئے39284 پوائنٹس کی نچلی سطح پرآ گیابعد میں ریکوری آئی اور انڈیکس کی 39800 پوائنٹس کی حد بحال ہوگئی لیکن مندی غالب رہی اورکاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100 انڈیکس1298.86 پوائنٹس کی کمی سے 39888 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جب کہ کے ایس ای30انڈیکس 546.72ائنٹس کی کمی سے 16750.37 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 790.57 پوائنٹس کی کمی سے 28185.56 پوائنٹس پربند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر422کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے47کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 368میں کمی اور7کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے کا مجموعی حجم76کھرب9ارب27کروڑ42لاکھ روپے سے گھٹ کر 73 کھرب 99 ارب 62 کروڑ 91 لاکھ روپے ہوگیا۔