عوام الیکشن کیلئے تیار ہو جائیں، بڑا ’’ سونامی‘‘ آرہا ہے سب کو بہا لے جائے گا: عمران
منڈی بہائوالدین+ اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے عوام الیکشن کیلئے تیار ہو جائیں‘ ملک میں بڑا سونامہ آ رہا ہے، زرداری، نوازشریف، اسفندیار، اچکزئی، مولانا ڈیزل سمیت سب کو ساتھ ملا لیں لیکن یہ سونامی سب کو بہالے جائے گا، وہ یہاں منڈی بہاء الدین میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے، عمران خان نے کہا عزیر بلوچ نے جے ٹی آئی کے سامنے اقرار کیا ہے زرداری نے لوگوں کو اس سے قتل کرایا اور بی بی کے گارڈ شہنشاہ کو بھی زرداری کے کہنے پر مارا جبکہ شہبازشریف نے پولیس کو نام دیکر پولیس مقابلوں میں قتل کرائے، شریف خاندان کے تین سو ارب بیرون ممالک میں پڑے ہیں، وہ صرف عمران خان ہی واپس لا سکتا ہے، ہم پاکستان میں انسانیت کا نظام لائیں گے۔ انہوں نے کہا ملک کی بڑی بیماری زرداری کے فرانس، لندن، امریکہ اور دبئی میں جائیدادیں اور بنک اکائونٹ ہیں، منی لانڈرنگ کرکے کرپٹ مافیا نے ملک سے پیسہ باہر منتقل کیا اور قوم کا پیسہ چوری کیا، ساڑھے تین ہزار ارب ٹیکس کی بجائے ہم آٹھ ہزار ارب روپے اکٹھے کرکے دکھائیں گے، ملک میں چار ہزار ارب روپے کرپشن کی نذر ہو جاتے ہیں، شریف خاندان تیس برسوں سے قوم کا پیسہ لوٹتے آرہے ہیں، جب آئی ایم ایف سے قرض لیں گے تو قوم کیسے باعزت اور باوقار ہوگی، ملک کا ہر فرد ایک لاکھ بیس ہزار کا مقروض ہے، انہوں نے کہا اسحاق ڈار اور نوازشریف کو نہیں پتہ قرضہ لے رہے ہیں اور پیسہ کیسے اتاریں گے، پانچ مرلہ کے گھر میں رہنے والا نواز خاندان ارب پتی کیسے بنا، قوم کا پیسہ لوٹا گیا، لیکن یہ لوگ ٹیکس نہیں دیتے، ملک میں ارب پتی ٹیکس نہیں دیتے، تمام ٹیکس عوام دیتے ہیں، میں وعدہ کرتا ہوں پاکستان کی آمدن بڑھائیں گے،کسان کو خوشحال کریںگے، نیب میں کرپٹ لوگوں کو نکال کر ایماندار لوگ لائیں گے اورکرپٹ مگرمچھوں کو پکڑیں گے، بلاول کو اردو میں مشکل ہے، آصف زرداری پاکستان میں نہیں رہتے، خادم اعلیٰ کتنا بڑا ڈرامہ باز ہے، شہبازشریف کو شوباز شریف ہونا چاہئے یہ اگر بچ گیا اورجیل نہیں گیا تو اسے ہندوستان کی ہالی ووڈ فلم میں ولن کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ عمران خان نے کہا آئی ایم ایف سے قرض لیکر قوم کوغلام بنا دیاگیا ہے، ہمارا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں مافیا سے ہے، جو امیر لوگ ٹیکس نہیں دیتے ان سے ٹیکس وصولی کا نظام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا رائے ونڈ کی سکیورٹی پر سات ارب روپے خرچ ہوتے ہیں اور ڈھائی ہزار پولیس اہلکار انکی خدمت کرتے ہیں، نوازشریف کے بچے پاکستان میں کیا لینے آتے ہیں۔ نو برسوں میں منڈی بہاء الدین کا ہسپتال تعمیر نہیں ہوسکا، ہم انسانیت کا نظام لائیں گے، بے روزگار نوجوانوں کو روزگار الائونس دیں گے، وہ پاکستان بنائیں گے جہاں انصاف اور قانون کی حکمرانی ہو اور کسی کوکسی کے آگے نہ جھکنا پڑے، جلسہ گاہ میں پارٹی ترانوں پر نوجوانوں نے رقص کیا اور پارٹی پرچموں کی بہار رہی، خواتین کیلئے الگ انکوژر بنایا گیا تھا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق عمران خان نے کہا نوازشریف‘ زرداری نے عوام پر ظلم کیا۔ اکیس سال میرا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں مافیا سے ہوا۔ عزیر بلوچ نے اعتراف کیا آصف زرداری کے کہنے پر اس نے لوگوں کو قتل کیا۔ عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ سامنے لائی جائے۔ عزیر بلوچ کہتا ہے زرداری کے کہنے پر 14شوگر ملوں پر قبضہ کیا۔ عزیر بلوچ نے آصف زرداری کے کہنے پر بلاول ہائوس کے اردگرد گھروں پر قبضہ کیا۔ عزیر بلوچ کا بیان ہے پیپلزپارٹی کی قیادت کے کہنے پر اس نے خالد شہنشاہ کو قتل کیا‘ خالد شہنشاہ بے نظیر بھٹو قتل کیس کا گواہ تھا۔ شریف خاندان کے بچے بھی اربوں پتی بن گئے ہیں۔ پیسہ کیسے کمایا۔ شہبازشریف نے ماڈل ٹائون میں 14 بندوں کو قتل کروا دیا۔ سپریم کورٹ نے شریف مافیا کو گاڈ فادر کہا۔ شریف مافیا 30سال سے پنجاب پر قبضہ کرکے بیٹھا ہے۔ یہ لوگ اقتدار میں آکر لوگوں کو خریدتے ہیں‘ پانچ مرلے کے گھر میں رہنے والے شریف خاندان نے اربوں روپے کیسے کمائے۔ میرے 1986ء میں نوازشریف سے اچھے تعلقات تھے۔ میں اپنے دوست کی سفارش نوازشریف کے پاس لے کر گیا تو اگلے دن پولیس نے اسے ڈنڈے مار مار کر مار دیا‘ میں اس ملک کی آمدن بڑھا کر دکھائوں گا۔ میں ایف بی آر میں قابل افراد کو لائوں گا۔ اس وقت عوام کو ٹیکس کے دبائو کا سامنا ہے۔ میں امیر لوگوں سے ٹیکس لے کر دکھائوں گا۔ کیا شریف خاندان اور زرداری ٹیکس دیتے ہیں۔ بڑے بڑے مگرمچھوں کو پکڑوں گا۔ کسان کی مدد کروں گا، اقتدار ملا تو ایف بی آر کو ٹھیک کروں گا اور ٹیکس جمع کر کے دکھائوں گا۔ کرپشن اور منی لانڈرنگ ایک ہی چیز ہے۔ نیب کو ٹھیک کر کے دکھائوں گا۔ نواز شریف کہتے ہیں انہیں کیوں نکالا۔ اس لئے نکالا انہوں نے 30 سال ملک کو لوٹا۔ غریب کے بچے کو مفت تعلیم دیں گے، ہم نیا پاکستان بنائیں گے۔ ہم بے روزگار افراد کو وظیفہ دیں گے۔ آن لائن کے ممطابق سماجی رابطے ری ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا عزیر بلوچ نے آصف زرداری اور ان کے خاندان کو بے نقاب کر دیا۔ پاکستان تحریک انصاف سیاست نہیں بلکہ پاکستان پر قابض مافیاز کے خلاف جہاد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزیر بلوچ نے زرداری اور ان کے خاندان کی کرپشن اور قبضہ مافیا کو بے نقاب کر دیا جنہوں نے غریب عوام کا خون چوسا ہے۔ مزید براں عمران خان 4 نومبر کو خانیوال میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ قبل ازیں میانوالی جلسے سے واپس اسلام آباد جاتے ہوئے قصبہ بلکسر میں قیام کے دوران عمران خان نے کہا اس ملک میں اتنا ٹیلنٹ اور اتنے وسائل موجود ہیں یہ پوری دنیا کا خوشحال ملک بن سکتا ہے مگر کرپشن، ناانصافی اور لیڈر شپ کے فقدان کی وجہ سے پاکستان اس وقت دنیا بھر میں نفرت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ انشاء اللہ ہمیں موقع ملا تو عظیم پاکستان بنا کر دکھائیں گے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے مقامی رہنما راجہ یاسر سرفراز نے عمران خان کو ضلع چکوال میں سیاحت کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی اور بتایا سالٹ رینج کے علاقے کی تاریخ کروڑوں سال پرانی ہے اور یہاں اس وقت بھی ڈیڑھ سو سے زائد ایسے مقامات ہیں جو ایک ہزار سال سے لیکر 2کروڑ 80لاکھ سال پرانے ہیں۔
عمران خان