سعودی عرب کی سالمیت یا خودمختاری کوخطرہ ہوا تو پاکستان بھرپور جواب دے گا: آرمی چیف

30 اکتوبر 2015 (21:16)

آئی آیس پی آر سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پبی میں قائم انسداد دہشت گردی سنٹرکا دورہ کیا اور پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ انسداد دہشت گردی جنگی مشقوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کی ، پاکستان اور سعودی عرب کی مسلح افواج کے درمیان جاری مشترکہ مشقوں کو الشہاب کا نام دیا گیا تھا جس میں دونوں ممالک کی اسپیشل فورسز نے حصہ لیا۔ مشترکہ مشقوں کا مقصد دونوں ممالک کی افواج کی دہشت گردی کیخلا ف استعداد بڑھانا تھا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان طویل برادرانہ تعلقات ہیں ،جنگی مشقیں دونوں ملکوں کی دہشت گردی کیخلاف مشترکہ کوششوں کو ظاہر کرتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی پاکستان سے دہشت گردی کو ختم کردیا جائے گا،جنرل راحیل شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر سعودی عرب کی سالمیت یا خود مختاری کو کوئی خطرہ لاحق ہوا توپاکستان کی جانب سے اس کا بھر پور جواب دیا جایگا،تقریب میں سعودی عرب کے عسکری وفد نے بھی شرکت کی۔