ہائیکورٹ نے خواجہ حسان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن عدالتی فیصلے سے مشروط کردیا

30 اکتوبر 2015

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ احمد حسان کے بلامقابلہ چیئرمین یونین کونسل انتخاب کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی دائر درخواست میںخواجہ احمد حسان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن عدالتی فیصلے سے مشروط کر دیا اور کیس کی سماعت 3 نومبر تک ملتوی کر دی۔ یونین کونسل 107 کے ایک ووٹر درخواست گزار مسعود عزیز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ احمد حسان یونین کونسل 107 سے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔ خواجہ احمد حسان لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ہونے کی حیثیت سے عوامی عہدے کے اہل نہیں۔ عدالتی فیصلے تک الیکشن کمشن کو خواجہ احمد حسان کی جیت کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکا جائے۔ الیکشن کمشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں لہٰذا درخواست قابل سماعت نہ ہونے کے باعث غیر موثر قرار دے کر مسترد کی جائے۔