پاکستان، ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام جلد شروع ہو جائیگا: ایرانی سفیر

30 اکتوبر 2015

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پاکستان میں ایران کے سفیر علی رضا ہادیان نے کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام جلد شروع ہو گا۔ چین کی کمپنیاں پاک ایران سرحد سے گیس پائپ لائن بچھانے کا کام کریں گی۔ ترکی کے قومی دن کی تقریب میں ’’نوائے وقت‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران نے گیس پائپ لائن کا کام پاکستان کی سرحد تک مکمل کر لیا ہے اس منصوبے کا اگلا حصہ پاکستان نے مکمل کرنا ہے۔ ایرانی سفیر نے بتایا کہ گوادر سے نواب شاہ تک پائپ لائن چین کی کمپنیاں مکمل کریں گی۔ جس کے بعد پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کرنے میں آسانی پیدا ہو جائے گی۔ ایران کی سپریم سیکورٹی کونسل کے سیکرٹری کے دورہ پاکستان کو ایرانی سفیر نے کامیاب قرار دیا اور کہا کہ اس دورے میں سیکورٹی معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال ہوا ہے۔