کراچی: سول ہسپتال کے بیت الخلا میں بچی کی پیدائش، رپورٹ طلب
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سول ہسپتال کراچی میں خاتون نے بیت الخلا میں بچی کو جنم دے دیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ایم ٹی آر کالونی کی رہائشی خاتون بدھ کی دوپہر ہسپتال آئی اور گائنی وارڈ میں اپنا معائنہ کرایا خاتون کے حمل کا وقت پورا تھا جس پر ڈاکٹروں نے خاتون کو داخل کرنے کے بجائے واک کرنے اور پھر 2 گھنٹے بعد دوبارہ معائنہ کرانے کا کہا۔ خاتون اپنے خاوند کے ہمراہ گراﺅنڈ فلور پر آ گئی اور واک کرنے لگی اسی دوران اسے شدید تکلیف ہوئی اور حالت غیر ہونے لگی جس پر وہ ہسپتال کے شعبہ حادثات لیڈیز پورشن کے بیت الخلا گئی جہاں اس نے بچی کو جنم دیا۔ گائنی وارڈ کے عملے نے آ کر بچی اور خاتون کو وارڈ میں منتقل کیا۔ صوبائی وزیر صحت سندھ جام مہتاب ڈہر نے سول ہسپتال کراچی کے بیت الخلاءمیں بچی کی پیدائش کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال کراچی کو فوری انکوائری کے احکامات جاری کئے ہیں۔
بیت الخلا