یاسر شاہ کی خواہش پوری ہوگئی ‘شین وارن کی ملاقات ‘ مفید مشورے  

30 اکتوبر 2015

شارجہ (سپورٹس ڈیسک) آسٹریلوی لیگ سپنر شین وارن نے پاکستانی لیگ سپنر یاسر شاہ کو ان کی بائولنگ کے بارے میں مفید مشورے دیے اور ان کی خواہش پوری کردی ۔کلائی کے زور سے گیند گھمانے والے دونوں سپنروں کی ملاقات شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں ہوئی جس کی خواہش شین وارن نے ظاہر کی تھی اور پاکستانی ٹیم کے مینیجر انتخاب عالم نے انھیں پاکستانی ٹیم کی پریکٹس میں آ کر یاسر شاہ کے ساتھ بولنگ کی اجازت دی تھی۔شین وارن تقریباً ڈیڑھ گھنٹے یاسر شاہ کے ساتھ میدان میں رہے اور انھوں نے خود بائولنگ کر کے یاسر شاہ کو لیگ سپن کے مختلف رموز بتائے۔ شین وارن نے کہا کہ یاسر شاہ اس وقت دنیا کے بہترین لیگ سپنر ہیں اور ان کے ہاتھ سے جس طرح گیند نکلتی ہے وہ انھوں نے اپنے طویل کریئر میں کسی بھی دوسرے بائولر کی نہیں دیکھی۔ وہ تیز گیند کرنے کے بجائے کچھ وقت لیا کریں اور صبر سے بائولنگ کریں۔ اگر وہ صرف اپنی رفتار پر قابو کر لیں تو وہ انتہائی خطرناک لیگ سپنر ہوں گے۔بیٹسمینوں کے خلاف حکمت عملی بنائیں اور زیادہ باؤنس لائیں۔ یاسر شاہ نے کہا کہ وہ ملاقات کے لیے بہت خوش ہیں۔ سیریز کے بعد شین وارن کے بتائے ہوئے مشوروں پر نیٹ میں جا کر عمل کریں گے۔