سپریم کورٹ بار الیکشن: عاصمہ جہانگیر گروپ کے علی ظفر صدر، حامد خان کے اسد منظور سیکرٹری منتخب

30 اکتوبر 2015

لاہور، اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + نمائندہ نوائے وقت + نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق عاصمہ جہانگیر کی سربراہی میں انڈیپنڈنٹ گروپ کے صدارتی امیدوار بیرسٹر علی ظفر 1182 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے پروفیشنل گروپ کے امیدوار پیر کلیم خورشید کو شکست دی۔ جنہوں نے 904 ووٹ حاصل کئے۔ سیکرٹری کی سیٹ پروفیشنل کے امیدوار اسد منظور بٹ نے 1116 ووٹ حاصل کرکے جیت لی۔ انہوں نے عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار آفتاب باجوہ کو شکست دی جنہوں نے 1100 ووٹ حاصل کئے۔ نائب صدر (پنجاب) کی سیٹ پر عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار بختیار علی سیال کو پروفیشنل گروپ کی امیدوار تابندہ اسلام پر برتری حاصل ہے۔ نومنتخب صدر بیرسٹر علی ظفر نے کہا ان کی کامیابی پوری وکلا برادری کی کامیابی ہے۔ وہ وکلا برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ وکلا آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔ اس وقت ضروری ہے کہ تمام ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں۔ عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ وکلا نے ایک بار پھر انڈیپنڈنٹ گروپ پر اعتماد کا اظہار کیا۔ وکلا ملک میں آمروں کو روکنے کی ایک موثر قوت ہیں۔ علی ظفر نے اسلام آباد سے 225 ووٹ، کلیم احمد خورشید نے 155 ووٹ حاصل کئے۔ لاہور سے بیرسٹر علی ظفر نے 520 اور کلیم خورشید نے 396 ووٹ لئے۔ کراچی سے علی ظفر کو 154 ووٹ اور ان کے مدمقابل کو 107 ووٹ ملے۔ بہاولپور سے سید علی ظفر نے 43، کلیم خورشید نے 23، پشاور سے کلیم خورشید نے 67، علی ظفر نے 54 ووٹ حاصل کئے۔ حیدر آباد سے علی ظفر کو 13، سید کلیم کو 11، ملتان میں کلیم خورشید نے 80، علی ظفر نے 64 ووٹ لئے۔ ایبٹ آباد سے علی ظفر نے 27، کلیم خورشید نے 18، سکھر سے علی ظفر نے 14، خورشید کلیم نے 5 ووٹ لئے، کوئٹہ سے علی ظفر نے 27، سید کلیم نے 42 ووٹ حاصل کئے۔ لاہور میں سب سے زیادہ گیارہ سو چوہتر (1174) ووٹرز تھے۔ لاہور رجسٹری میں پندرہ پولنگ بو تھ بنائے گئے تھے۔ عاصمہ جہا نگیر، حامد خان، رمضان چوہدری، اعظم نذیر تارڑ، الیاس خان، ایس ایم ظفر، چوہدری اعتزاز احسن، ڈاکٹر خالد را نجھا، خواجہ محمود احمد، چوہدری نصیر بھٹہ، ملک مشتاق اعوان، منیر احمد خان، نعیم بخاری، خرم لطیف کھوسہ، طاہر نصر اللہ وڑائچ، پیر مسعود چشتی، شفقت محمود چوہان، اویس احمد سمیت دیگر معروف رہنمائوں نے ووٹ کاسٹ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کامیابی پر نومنتخب صدر علی ظفر اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی کہ وکلا برادری نے نومنتخب قیادت پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ اس پر پورا اترے گی۔