لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ کل بلاوائیومیں کھیلاجائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہوگا۔پاکستان نے زمبابوے کو ون ڈے سیریزمیں دو ایک سے شکست دی تھی ۔ قومی ٹیم بیٹرکامران غلام نے کہا ہے کہ میرا کام کارکردگی دکھانا ہے، میرے لیے یہ اہم ہے کہ محنت کرتا رہوں، اس کا صلہ ملے گا۔ انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو پر سنچری نے مجھے بہت زیادہ اعتماد فراہم کیا تھا۔زمبابوے کیخلاف ون ڈے کی سنچری سے مجھے مزید اعتماد حاصل ہوگا، پہلے پاکستان شاہینز کیساتھ زمبابوے کا دورہ کرچکا تھا اس لیے کنڈیشنز کا علم تھا۔ آسٹریلیا کیخلاف جیت کا بھی ہمیں اعتماد ملا تھا، کپتان محمد رضوان نے اننگز کے دوران میری بھرپور سپورٹ کی۔ مجھ پر پریشر نہیں تھا۔ جب بیٹنگ کیلئے آیا تو ابتدا میں وکٹ بیٹنگ کیلئے آسان نہ تھی، اس لیے تھوڑا وقت لیا تھا۔ جب کپتان ساتھ وکٹ پر موجود ہوتا ہے تو اس سے کافی آسانی ہوتی ہے۔ جنوبی افریقہ کی سیریز کی تیاری بھی کر رہا ہوں، چیمپئنز ٹرافی کی تیاری میں بھی مصروف ہوں۔کارکردگی سے اعتماد ملتا ہے ۔ جنوبی افریقہ کی سیریز میں موقع ملا تو وہاں بھی اچھا پرفارم کرکے ٹیم کی جیت میں اپنا حصہ ڈالوں گا۔کوشش ہوتی ہے ایسی کارکردگی دکھائوں جو ٹیم کی جیت کیلئے کام آئے ۔