انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی کھلاڑیوں پر نئی پابندی ‘پی ایس ایل متاثر ہوگی  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)انگلش کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو انگلش ڈومیسٹک سیزن کے دوران کسی فرنچائز لیگ میں کھیلنے سے روک دیا۔برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ انگلش کرکٹرز پی ایس ایل، ایم سی ایل، ایل پی ایل اور سی پی ایل سمیت متعدد لیگز کھیلتے ہیں لیکن ای سی بی کے فیصلے سے اگلے سال اپریل میں ہونے والی پاکستان سپر لیگ بھی متاثر ہوگی مگر ای سی بی نے نئی پالیسی میں کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کھیلنے کیلئے چھوٹ دی ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کی وجہ سے پی ایس ایل سیزن 9 کی ونڈو اپریل اور مئی میں رکھی گئی ہے، انگلش کاونٹی سیزن بھی انہی مہینوں میں ہوتا ہے، پی ایس ایل کی شیڈول ونڈو فروری میں ہوتی ہے اور تب انگلش ڈومیسٹک سیزن نہیں ہوتا۔برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ ای سی بی کے فیصلے سے فرنچائز کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو مالی نقصان ہونے کا اندیشہ ہے اور خدشہ ہے کہ اس فیصلے سے کچھ کھلاڑی ریڈ بال کرکٹ کو چھوڑ سکتے ہیں۔ انگلش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ڈومیسٹک کرکٹ کی کوالٹی بہتر ہوگی۔ای سی بی چیف ایگزیکٹو رچرڈ گولڈ نے کہا کہ ہمیں اپنے کھیل کی عزت اور اپنے کرکٹ مقابلوں کی مضبوطی کو محفوظ کرنا ہے، انگلش وٹالٹی بلاسٹ اور دی ہنڈرڈ لیگ کے دوران بھی کسی کھلاڑی کو باقی کسی مقابلوں میں شرکت کے لیے این او سی نہیں دیا جائیگا۔

ای پیپر دی نیشن