متحدہ عرب امارات کے سینٹرل بینک نے 500 درہم کا نیا کرنسی نوٹ جاری کردیا

متحدہ عرب امارات کے سینٹرل بینک نے 500 درہم کا نیا کرنسی نوٹ جاری کردیا۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کا 500 درہم کا نیا نوٹ قومی کرنسی کے تیسرے ایڈیشن کا حصہ ہے اور اسے پولیمر سے تیار کیا گیا ہے۔

نئے نوٹ میں ریاست کی علامتی شخصیات، قابل دید ترقیاتی و ثقافتی، سیاحتی مقامات اور پائیداری کے منفرد نمونے شامل کیے گئے ہیں۔

اماراتی سینٹرل بینک کے مطابق آج سے نیا نوٹ لین دین کے لیے مارکیٹ میں دستیاب ہو گا۔

نئے کرنسی نوٹ میں ایک جانب ایکسپو دبئی میں ’تیرا’ پویلین کی تصویر ہے جو امارات کے وژن اور پائیدار ترقی میں اس کے بین الاقوامی کردار کو اجاگر کرتی ہے۔نوٹ کے دوسری جانب دبئی کے فیوچر میوزیم کی تصویر ہے جو ماضی کو مستقبل سے جوڑنے والے فن تعمیر کا شاہکار ہے۔

نوٹ کے عقبی حصے میں اماراتی ٹاورز کی تصویر ہے جن میں برج خلیفہ شامل ہے جسے 828 میٹر بلند ہونے کے باعث دنیا کا سب سے اونچا ٹاور مانا جاتا ہے۔ یہ 160 سے زیادہ منزلوں پر مشتمل ہے۔

اماراتی سینٹرل بینک نے نوٹ کی تیاری میں پولیمر کا استعمال کیا ہے جو عام مادے سے زیادہ مضبوط اور پائیدار ہے۔

ای پیپر دی نیشن