امید یا اشارہ‘ جہانگیر ترین کی سیاسی سرگرمیوں میں اچانک اضافہ
دنیاپور‘ لودھراں‘کہروڑ پکا ( خبر نگار‘ نامہ نگار‘ ڈسٹرکٹ رپورٹر‘ نمائندہ نوائے وقت) جہانگیرترین کی دنیاپور اور لودھراں میں سیاسی سرگرمیوں میں اچانک اضافہ، نا اہلی کے خاتمے کی امید یا مقتدر حلقوں کی جانب سے کوئی اشارہ؟ دنیاپور سے الیکشن لڑنے کی چہ میگوئیاں، نجی محفلوں میں حکومتی پالیسیوں پر کھل کر تنقید بھی کرتے ہیں تفصیل کے مطابق پی ٹی آئی کے راہنما جہانگیر ترین نے دنیاپور سمیت لودہراں میں سیاسی سرگرمیوں میں تیزی لاتے ہوئے مقامی سیاسی راہنماؤں سے روابط شروع دئیے ہیں دنیاپور کے صوبائی حلقے پی پی 224 میں خاص طور پر شادی کی تقریبات اور وفات پانے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کے اظہار اور فاتحہ خوانی میں باقاعدگی سے شرکت کررہے ہیں دنیاپور میں نجی محفل میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہرہفتے لودھراں ضرور آئیں گے جبکہ عام لوگوں سے بات کرتے ہوئے اب وہ حکومتی پالیسیوں پر کھل کر تنقید کرتے ہیں سیاسی تجزیہ نگار ان کا عام لوگوں میں یوں گھل مل جانے اور ان کے غیر معمولی خوشگوار موڈ کو اس نظر سے دیکھ رہے ہیں کہ شاید انہیں کسی طرف سے نا اہلی کے خاتمے یا آئندہ کسی سیٹ اپ میں اہم مقام دیے جانے کا اشارہ مل گیا ہے ادھر باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے عام انتخابات میں جہانگیر ترین یا ان کا بیٹا علی خان ترین دنیاپور کے صوبائی حلقے پی پی 224 سے الیکشن میں حصہ لیں گے اور انہیں موجودہ ایم پی اے چوہدری زوار حسین کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔ کہروڑپکا سے نامہ نگارکے مطابق جہانگیر ترین کہروڑپکا میںپارٹی رہنما شیخ محمد اسلم کی جانب سے بنائے گئے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کا افتتاح کیا۔جہانگیر ترین نے سیاسی سوالوں کے جوابات دینے سے گریز کیا اور کہا کہ کہروڑپکا میں کوئی سیاسی بات نہیں کرونگا یہاں شادی اٹینڈ کرنے آیاہوں۔ جہانگیر ترین نے شیخ محمد اسلم کے صاحبزادوں شیخ کاشف اور شیخ ماجد کی شادی کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ جہانگیر ترین نے شیخ محمد اسلم کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہا ر کیا۔ اس موقع پر سینئر پارٹی رہنما رانا اعجاز احمد نون، رانا ارسلان خان، ملک ممتاز خان جوئیہ، حاجی راؤ محمد عمران، راؤعبدالحمید و دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔