بھارت کو کشمیر میں جارحیت مہنگی پڑ گئی ، وزیراعظم آزاد کشمیر
کراچی (نیوز رپورٹر)وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے پیر کو مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھا کر فاتحہ خوانی کی اس موقعہ پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی اس موقعہ پر زرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا قائد اعظم کے مزار پر حاضری ان کے لئے باعث افتخار و سعادت ہے قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا تھا تاہم ہندئوں اور انگریزوں کی ملی بھگت کے باعث برصغیر کی تقسیم مکمل نہ ہوسکی اور بھارت نے جبر و استبداد کے ذریعے وادی کشمیر پر ظالمانہ قبضہ کر لیا کشمیری پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے تھے اور ہماری آزادی کی جنگ آج بھی جاری ہے بھارت کو کشمیر میں جارحیت مہنگی پڑے گی بعد ازاں وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی، اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کی دعوت پر سندھ اسمبلی کا دورہ کیا سندھ اسمبلی پہنچنے پر ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی ریحانہ لغاری، سیکریٹری سندھ اسمبلی جی ایم عمر فاروق برڑو سمیت پی ٹی آئی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے شاندار استقبال کیا جس کے بعد تاریخ ساز سندھ اسمبلی کے مختلف حصوں کو دورہ کروایا گیا۔ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے اپوزیشن لیڈر چیمبر سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں سے خصوصی ملاقات کی اس موقعہ پر اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ نے انہیں جناح کیپ اور اجرک کے تحائف پیش کیئے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا سندھ اسمبلی تاریخ ساز اسمبلی ہے جس نے قیام پاکستان کے لئے سب سے پہلے قرارداد منظور کی تھی اس اسمبلی میں قائد اعظم محمد جناح، لیاقت علی خان سمیت بڑی بڑی شخصیات نے پاکستان کی آئین سازی میں حصہ لیا تھا۔ دریں اثناء گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے سردار عبدالقیوم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیریوں کو عمران خان پر مکمل اعتماد ہے اور ہم ان کی پالیسیوں سے متفق ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی فسطائی حکومت ملٹری وار فیر اور نوآبادیاتی پالیسی کے تحت مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو نشانہ بنارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں فوری طور پر اپنا کردار ادا کریں تاکہ مقبوضہ کشمیر میں کسی بڑے انسانی المیے سے بچا جا سکے۔اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں کشمیری عوام کی حمایت جاری رہے گی۔ دریں اثنا وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کرکے مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال اور تحریک آزادی کشمیر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کشمیر کمیونٹی سنٹر، سندھ میں میڈیکل کالجز و دیگر تعلیمی اداروں میں کشمیریوں کیلئے مختص سیٹوں کے مسائل سے وزیر اعلی کو آگاہ کیا اور کہا کہ کمیونٹی سنٹر کشمیر کی پہچان ہے، یہ کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے واپس دلوایا جائے، وزیر اعلی سندھ نے فوری طور پر متعلقہ حکام سے کمیونٹی سنٹر کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے سندھ میں مقیم کشمیری مہاجرین کے مسائل سے وزیر اعلی کو آگاہ کیا جس پر وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔