امریکی شہر نیویارک سٹی میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باوجود ایلیمنٹری سکول 7 دسمبر سے دوبارہ کھول دیئے جائیں گے ۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اس حوالے سے نیویارک سٹی کے میئر بل ڈی بلاسیو نے گزشتہ روز اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نیویارک میں اس وقت کورونا وائرس کے کیسز کی شرح 3.1 فیصد ہے اور اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس بچوں کو کم متاثر کرتا ہے اور اگر ایک ہفتے میں متاثرہ کیسز کی شرح 3 فیصد سے زیادہ ہوتی ہے تو سکولوں کو بند کرنے کی ضرورت نہیں ہے جبکہ معذور بچوں کے سوائے مڈل اور ہائی سکول کی کلاسیں آن لائن ہوں گی۔ میئر نے کہا کہ کورونا وائرس بچوں کے لیے کم نقصان دہ ہونے اور سکولوں کے محفوظ ہونے کی تصدیق کے بعد سکولوں کو دوبارہ کھولنا ممکن ہو رہا ہے لیکن بچوں کا سکول آنا ہر ہفتے کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ سے مشروط ہو گا ۔ میئر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بچوں کو ہفتے میں 5 روز سکول آنا ہو گا اور اس دوران سماجی فاصلے کے قواعد پر عملدرآمد کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اور ہماری فیملیز چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے سکول جائیں اور سکولوں میں تعلیم حاصل کریں اس لیے ہم اس پر کام کر رہے ہیں۔ قبل ازیں ہفتے میں 2 یا 3 دن بچوں کی سکولوں میں حاضری کی ہدایت پر عمل درآمد کیا جا رہا تھا۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024