گذشتہ بیس سال میں دنیا میں پانی کی فی کس کھپت میں 20 فیصد کمی ہوئی،رپورٹ
اسلام آباد ( جاوید صدیق) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک نے اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ دنیا میں تین ارب آبادی زراعت سے وابستہ ہے، جن علاقوں میں زرعی پیداوار ہوتی ہے وہاں پانی کی شدید قلت پیدا ہو جاتی ہے۔ ایف اے او ( فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن) نے اپنی 2020 کی رپورٹ میں بتایا ہے کہ گذشتہ بیس سال میں دنیا میں پانی کی فی کس کھپت میں 20 فیصد کمی ہوئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ زرعی شعبہ پانی استعمال کرنے والا سب سے بڑا شعبہ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ زرعی پانی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف اسی صورت میں حاصل ہو سکتے ہیں جب پانی کی کمی کے مسئلہ کو سنجیدگی سے حل کیا جائے۔ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ پانی کے شعبہ میں سرمایہ کاری سنجیدگی سے کی جائے۔ زراعت اور آبپاشی میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ ایسی فصلوں کی کاشت پر توجہ دینا ہو گی جو کم پانی میں زیادہ پیداوار دے سکیں۔ پانی کی کھپت اور اس کے انتظامی امور پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ پانی کی بین الاقوامی سطح پر کھپت کے آڈٹ کا نظام بھی وجود میں آنا چاہیے۔ یہ رپورٹ دنیا میں پانی کی قلت کے بارے میں چشم کشا رپورٹ ہے۔