بیگم شمیم اختر کی رسم قل : حالات بہت خراب ہوچکے، قومی ڈائیلاگ ضروری شہباز

لاہور‘ کراچی (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کا ہر شعبہ تباہی کے دہانے پر، ملکی حالات بہتر بنانے کے لئے قومی ڈائیلاگ ضروری ہے۔ میاں شہباز شریف نے یہ بات اپنی والدہ کے رسم قل کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ہاتھوں پاکستان کی تباہی ہو چکی، معیشت خراب ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر ایک صحافی نے اپوزیشن لیڈر سے سوال کیا کہ ملکی معاملات ٹھیک کرنے کا طریقہ کیا ہے؟۔ اس کا جواب دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ میری ضمانت کرائیں پھر بتاؤں گا، ابھی تو پیرول پر رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ حالات بہت خراب ہو چکے ہیں۔ اجتماعی کاوش سے ملک کے حالات بہتر ہوسکتے ہیں۔ نیشنل ڈائیلاگ کی اشد ضرورت ہے۔ اگر ملک کے حالات کو بہتر بنانا ہے تو تمام سیاسی جماعتوں کو قومی ڈائیلاگ کرنا ہوگا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے سیاست میں زہر گھول دیا۔ اب ہر بات گالی سے شروع اور گالی پر ہی ختم ہوتی ہے۔ اس موقع پر شہباز شریف نے اپنی والدہ کی یادیں بھی صحافیوں سے شیئر کیں اور کہا کہ بچپن میں کبھی ڈانٹتی تھیں، پھر پیار کرتی تھیں۔ میری والدہ خاندان کے ہر فرد کے ساتھ ایک جیسی تھیں، کسی کیساتھ کوئی فرق نہیں کرتی تھیں۔ جاتی امراء میں نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی رسم قل میں اہم سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ شہباز شریف، حمزہ شہباز اور شریف فیملی کے دیگر افراد نے رسم قل میں شرکت کی۔ مدارس کے بچوں نے قرآن خوانی کی اور ہدیہ نعت پیش کیا۔ راجہ فاروق حیدر اور محمود خان اچکزئی نے شہباز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔ ڈاکٹر آصف کرمانی، آجاسم شریف، نہال ہاشمی، سابق گورنر سندھ محمد زبیر اور امیر مقام بھی جاتی امراء پہنچے۔ مولانا طارق جمیل، لیاقت بلوچ، فرید پراچہ اور مولانا شاہ اویس نورانی بھی شریف فیملی سے اظہار تعزیت کے لیے جاتی امراء گئے۔ جامعہ اشرفیہ لاہور کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مہتمم مولانا فضل الرحیم اشرفی کی قیادت میں جاتی عمراء رائیونڈ میں مریم نواز شریف سے ملاقات کرتے ہوئے اظہار تعزیت کیا۔ مسلم لیگی رہنما رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔ وفد میں ناظم جامعہ اشرفیہ لاہور حافظ اسعد عبید، مولانا زبیر حسن، حافظ خالد حسن، مولانا اویس حسن، مولانا سعد بن اسعد اور حافظ محمد طلحہ شامل تھے۔ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے لاہور میں ساجد میر، فیصل سبزواری اور عامر خان نے بھی ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا اور تعزیت کی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں آپ کے ساتھ ہیں۔