نوجوان جدید تقاضوں کے مطابق علم حاصل کریں:سجن سائیں
کنڈیارو(نامہ نگار)مشہور صوفی بزرگ حضرت سوہنا سائیں کا 37 واں عرس مبارک منعقد کیا گیا، کوروناکے باعث ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے آن لائن نشست ہوئی،سجادہ نشین سجن سائیں نے اجتماعی دعا کے بعد خصوصی خطاب کیا۔ تفصیلات کے مطابق وادی سندھ کے مشہور صوفی بزرگ حضرت خواجہ اللہ بخش عباسی المعروف سوہنا سائیںؒ کا 37 واں سالانہ عرس مبارک درگاہ اللہ آباد شریف کنڈیارو میں منعقد کیا گیا،کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت کی جانب سے اعلانیہ ایس او پیز پرمکمل طور پر عمل کرتے ہوئے الاصلاح میڈیا ونگ کی جانب سے انٹرنیٹ کے ذریعے براہ راست تقاریب نشر کی گئیں، خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے درگاہ کے سجادہ نشین اور جماعت اصلاح المسلمین کے سرپرست اعلیٰ حضرت محمد طاہر المعروف سجن سائیں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف فن اور ہنر میں بھی مہارت حاصل کریں، کیونکہ ہمیں انہی نوجوانوں کو آگے لے کر چلنا ہے، آج کے نوجوانوں میں بہت بڑی صلاحیت اور ٹیلنٹ موجود ہے، جنہیں صحیح طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے، نوجوانوں کو کالجز اور یونیورسٹیز تک پڑھائیں،صرف تعلیمی ڈگریاں حاصل کرنا ہی کافی نہیں،مختلف شعبوں میں فنون اور مہارت بھی حاصل کرنی چاہیے،والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی اولاد کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم بھی لازمی دلوائیں،بے سہارا افراد کی مدد کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے،ہمیں اللہ نے بہت کچھ دیا ہے، جن کے بارے میں بروز قیامت ہم سے پوچھا جائے گا ، عرس مبارک کی تقریب سے صاحبزادہ سائیں جعفر صادق طاہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس ہمارے اعمال کا نتیجہ ہے، ہم نے اپنے پروردگار کو بھلادیا ہے، جس کی وجہ سے ہم آج پریشانیوں میں گھرے ہوئے ہیں، آج کل یہ خبریں مل رہی ہیں کہ مختلف ممالک میں ویکسین تیار ہورہی ہے، انشائ اللہ جلد تیار ہوجائے گی، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس خطرناک وبا کو مذاق نہ سمجھنا چاہیے،صرف اور صرف احتیاط کی ضرورت ہے، عرس مبارک کے موقع پر بخشی طاہری جماعت کی جانب سے حضرت سوہنا سائیں کے ایصال ثواب کے لئے کروڑوں کی تعداد میں مختلف اوراد ووظائف پڑھ کرحضرت سوہنا سائیں کے روح کو بخشے گئے، جس کے بعد سجن سائیں نے اجتماعی دعا مانگی، اس موقع پر ملک کے مشہور و معروف ثناء خوان سید فہد واحد علی شاہ، شبیر احمد نیازی طاہری، قربان ناریجو،نعمان راجپر، وکیل پنہور، عزیز احمد سومرو، شعیب احمد طاہری، رفیق طاہری ودیگر نے نعت و منقبت پڑھیں، تقریب سے جماعت اصلاح المسلمین پاکستان کے مرکزی صدر انجنیئر غلام محمد میمن نے تنظیمی عہدیداران کا اعلان کیا، الاصلاح میڈیا ونگ کی جانب سے دنیا بھر کے 50 سے زائد ممالک سمیت ملک بھر میں سینکڑوں مقامات پر بڑی پروجیکٹ اسکرین کے ذریعے تقاریب کو نشر کرنے کا بندوبست کیا گیا، کمپیئرنگ کے فرائض علامہ عزیز الرحمٰن طاہری نے سرانجام دیے۔