بزرگ دانشور اور گوشہ نشین فلسفی شاعر اور طرح دار نثر نگار ظفر نیازی اسلام آباد چھوڑ کر عدم آباد جا بسے۔ زمانہ قدیم کے داستان گوؤں کا شکوہ ان کے لہجے میں جھلکتا تھا وہ من پسند احباب کی محفل میں جلوہ گر ہوتے تو سحر طاری کر دیتے تھے۔ سماں باندھ دیا کرتے تھے میڈیا ٹاؤن بنیادی طور پر اخبار نویسوں کی بستی ہے جہاں کئی کئی دہائیوں سے ایک دوسرے کے جانے پہچانے چہرے اب ہمسائیگی کے رشتے میں بندھ چکے ہیں۔
نیازی صاحب بنیادی طور پر اعلیٰ پائے کے براڈکاسٹر تھے۔ ریڈیو اور ٹی وی والے نجانے کیوں پریس کلب کے رکن نہیں بنائے جاتے تھے کہ یہ سرکاری ملازم ہوتے تھے لیکن یہ فارمولا سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی پر لاگو نہیں کیا جاتا تھا جو سرکاری افسر ہوتے ہوئے بھی مکمل اور مستند اخبار نویس ہوتے ہیں مرحوم سیاست کی نذر ہونے والے شاندار اینکر آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات مشتاق منہاس اور فاروق فیصل خان کو دعائیں دیا کرتے تھے کہ ان کی کوششوں سے قلم کاروں کو چھت میسر آئی درویش صفت ظفر نیازی کو پلاٹ اس کی مہمان نوازی کی وجہ سے ملا 'مزے مزے لیکر بتایا کرتے تھے کہ سابق وفاقی سیکرٹری اطلاعات اشفاق گوندل نے کسی وقت ان سے پوچھا ہو گا کہ یہ مجلس آرائیاں' مہمان نوازیاں' گزارا کیسے کرتے ہو اور ریٹائرمنٹ کے بعد کیا کریں گے حال مست ظفر نیازی نے کہا بستر باندھیںگے اور میانوالی جا بسرام کریں گے یہ بات جناب گوندل کے دماغ کے کسی کونے کھدرے میں رہ گئی مدتوں بعد جب پرویز الٰہی کی پنجاب سرکار نے اس بستی کی نیو ڈالی تو گوندل صاحب کو بھولا بسرا شاعر یاد آ گیا اس طرح اس کالم نگار کو نیازی صاحب جیسے عالم بے بدل سے شرف ملاقات اور ہمسائیگی کا اعزاز مل گیا۔
ظفر میانوالی اور نیازیوں کی زندہ تاریخ تھے جب انہیں پتہ چلا کہ حفیظ بھائی سے اس کالم نگار کو خصوصی تعلق خاطر ہے تو ہمارے درمیاں تکلفات کا رہا سہا حجاب بھی جاتا رہا۔ ماضی کے طالب علم رہنما قائداعظم یونیورسٹی سٹوڈنٹس یونین صدر حفیظ اللہ کا نیازی جو صنعت کار ہیں کالم نگار ہیں اور سب سے بڑھ کر ممتاز تجزیہ نگار بھی ہیں کئی دہائیوں سے میرے مربّی و محترم ہیں۔
گذشتہ مہینے شہر پْرآشوب کوئٹہ گیا تو نیازی صاحب کو دور ِجوانی کے دوست یاد آگئے پروفیسر رضوان بیگ نے زحمت کی سرینا تشریف لائے کتب عنایت کیں دم رخصت سے چند دن پہلے گھنٹوں دھوپ میں بیٹھے رہے میرے کالم کے لئے موضوعات تلاش کرتے چیدہ چیدہ نکات بتاتے رہنمائی فرماتے سچی بات تو یہ ہے میرے لئے مشفق اتالیق تھے چین سے واپسی پر بے چینی سے گپ شپ کرنا چاہتے تھے وہاں پیش آنے والے واقعات پر ہاتھ ملتے ہو ئے اظہار افسوس کرتے رہے کہ ترقی پسند تو ماں دھرتی کا وفادار ہوتا ہے یہ کیسے لوگ ہیں پاک چین تعلقات بگاڑنا چاہتے تھے ہمہ صفت' ہمہ جہت نیازی صاحب نے بڑھاپا بڑے وقار سے گزارا جس کیلئے book Face کے جدید ذریعہ ابلاغ میں ایسی مہارت تامہ حاصل کی کہ علم وادب اورتاریخ کا بیش قیمت ذخیرہ آنے والی نسلوں کے چھوڑ گئے جس سے شائقین اور طالبانِ عشق استفادہ کیا کریں گے آخری ملاقات میں فرمانے لگے دل ڈوب رہا ہے چونکہ بذات خود چوٹی کے ہومیوپیتھ تھے‘ اپنا علاج بالمثل کرتے رہے ڈاکٹر مجاہد منور اور ناصر میر کے ہم جولی بن گئے تھے طرح دار شاعر تھے لیکن انجمن ہائے ستائشِ باہمی سے کوسوں دور رہے اس لئے مطلع ادب پر اس طرح جلوہ گر نہ ہو سکے۔ آج کل اختصاریہ کا رواج عام ہو رہا ہے سو لفظوں کی کہانی اور اناپ شناپ شائع کیا جا رہا ہے۔ جناب ظفر نیازی نے اردو ادب اور فلسفے کی دنیا میں 'اختصار نویسی' اور فلسفیانہ دانش کی معجونِ مرکب سے "چوکور پہیے" کا ایسا مزے دار آمیزہ تیار کیا کہ دھوم مچ گئی اس سب کے باوجود ریاست نے ان کی پذیرائی نہ کی کہ وہ خود دار اور باوقار انسان تھے۔ صدارتی ایوارڈ کیسے ملتے ہیں اس کالم نگار سے بہتر کوئی نہیں جانتا کہ لمحوں خاکسار کو نشان امتیاز سے نواز دیا گیا تھا۔
گذشتہ دنوں مرحوم نے معرکے کی الوداعی غزل کہی اور لکھا" آپ کا شاعر اب ستر برس کا ہو گیا ہے اور خوش ہے کہ اس پْرآشوب زمانے میں ابھی زندہ تو ہے۔70 ویں جنم دن پر چند اشعار خاص طور پر کہے ہیں دیکھئے، اس عمر کی شاعری اور وہ بھی غزل جیسی تنک مزاج صنف، آپ کی سماعتوں پر کیا دستک دیتی ہے۔
مثالِ ریگ مٹھی سے پھسلتا جا رہا ہوں
ظفر لوگوں کے جیون سے نکلتا جا رہا ہوں
بہت آساں بہت جلدی سفر ڈھلوان کا ہے
سو پتھر کی طرح پگ پگ اچھلتا جا رہا ہوں
کھنچا جاتا ہوں یوں اگلے پڑاو کی کشش میں
تھکن سے چور ہوں میں پھر بھی چلتا جا رہا ہوں
ہنر اس کھوکھلی دنیا میں جینے کا یہی ہے
برنگ آب ہر سانچے میں ڈھلتا جا رہا ہوں
کبھی محفل سے اٹھ آتا تھا اک ترچھی نظر پر
اور اب نفرت کی ہر پڑیا نگلتا جا رہا ہوں
ادا کرنے لگا ہوں روشنی کرنے کی قیمت
برابر جل رہا ہوں اور پگھلتا جا رہا ہوں
پرانے ذائقوں میں فرق سا کچھ آ گیا ہے
میں اپنا ذوق بھی کچھ کچھ بدلتا جا رہا ہوں
میں کس معیار سے اپنا مآل کار پرکھوں
بگڑ کر رہ گیا ہوں یا سنبھلتا جا رہا ہوں
ظفر بار ثمر سے جھک
گیا ہوں میں زمین پر
جہاں والے سمجھتے ہیں سپھلتا جا رہا ہوں
اس غزل نے چاروں اور ہاہاکار مچا دی۔ اس پذیرائی پسندیدگی پر شاداں فرحان تھے کہ بلاوا آگیا اور لمحوں میں ہاتھ جھاڑ سفر عدم پر روانہ ہو گئے ان کے دوست منور علی ملک لکھتے ہیں "سچی بات یہ ہے کہ مجھے فیس بک بچگانہ سی چیز لگتی تھی لیکن جب میں نے دیکھا کہ ظفرخان نیازی جیسا بڑا شاعر اور ادیب بھی فیس بک پہ پوسٹس لکھ رہا ہے، تو میں نے بھی باقاعدہ لکھنا شروع کر دیا۔ اگر ظفر خان مسلسل حوصلہ افزائی نہ کرتا تو میں اس میدان میں چند دن سے زیادہ نہ ٹھہر سکتا۔
ظفرخان نیازی بیمثال شاعر اور بے مثل افسانہ نگار تھے۔ ان کی شاعری اور افسانوں کے تقریباً نصف درجن مجموعے شائع ہوئے۔ بہت خوددار تھے۔ ادبی وڈیروں کی خوشامد کر کے شہرت حاصل کرنا اپنے فن کی توہین سمجھتے تھے۔ اس لئے گمنام ہی رہے حالانکہ آج کے کئی مشہور و معروف شاعروں افسانہ نگاروں سے بہت بہتر لکھتے تھے۔ ان کی کتابوں کے نام بھی ان کی تحریروں کی طرح بہت خوبصورت ہوتے تھے۔ ‘‘خوابشار‘‘ ‘‘چوکور پہیے‘‘ ان کی آخری کتاب ان کی شاعری کا مجموعہ ‘‘برف پوش چمنی‘‘ تھی۔ ظفر خان کی شاعری اور افسانہ نگاری کا کینوس بہت وسیع تھا۔
ہجرت کے دکھ، اپنی شناخت کی تلاش، غربت، غیرت، سچ کی جستجو، خدا کی تلاش ظفر خان کی شاعری اور افسانوں کے موضوعات تھے۔ ظفر خان کی ذاتی زندگی، ان کی شخصیت، ان کے کچھ دکھوں اور محرومیوں کا ذکر کروں گا۔ ظفر خان ایک بڑا شاعر اور ادیب ہی نہیں، بڑا انسان بھی تھا۔ چلتے چلتے ظفر خان کا ایک شعر سن لیجیے۔ وفا کی آس اسی یار بے وفا سے ہے بدن ہے راکھ، مگر دوستی ہوا سے ہے۔ ان کے ایک اور دوست نے آخری لمحات کی کچھ ایسی منظر کشی کی ہے کہ سبحان اللہ شاندار… زندگی… خوبصورت موت… ظفر نیازی نے ہر لحاظ سے ایک شاندار زندگی گزاری اور اس کی موت …سبحان اللہ
سبحان اللہ… پچیس نومبر ہفتے کے دن عصر کی نماز کے لیے وضو کیا باہر سے مچھلی بیچنے والی کی آواز آئی گھر والوں کو مچھلی بہت پسند ہے مچھلی خریدی اور گھر والوں کو نوید سنائی کہ بہت سی خریدی ہے کھاتے رہنا۔ نماز کے لئے مصلیٰ بچھایا گھر والوں کو کمرے سے آواز آئی آ کے دیکھا مصلے پر ہی اللہ کو پیارے ہو چکے تھے سبحان اللہ نماز بھی اللہ کے حضور حاضری اور موت بھی حاضری اور وہ بھی لمحات نماز میں ظفر نیازی کی زندگی بھی یادگار اور موت.بھی یاد گار رہی۔