جو عہدے خالی ہوگئے ان کا کیا کیا جائے گا؟ عمران خان نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو میں مستقبل کا لائحہ عمل بتادیا

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کے خلاف کریک ڈاﺅن بلا جواز ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپ کچھ وقت کے لیے خوف و ہراس کے حربے کسی کے خلاف استعمال کر سکتے ہیں۔ طویل مدت کے لیے یہ حربے کارگر ثابت نہیں ہوتے۔پاکستان میں بی بی سی کی نمائندہ کیرولین ڈیوی سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ”یہ آپ کا خیال ہو گا کہ مجھے اس وقت ایک بڑے بحران کا سامنا ہے، میرے نزدیک یہ کوئی بڑا بحران نہیں ہے۔ سب سے پہلے ہم پارٹی کے ان تمام عہدوں پر نئے لوگ لائیں گے، جن عہدوں سے لوگ چھوڑ گئے ہیں۔ ہم نوجوان خون اور نئے لوگ لائیں گے کیونکہ غالباً انہیں بھی گرفتار کیا جائے گا۔“ایک سوال کے جواب میں چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ”میں یہ جاننے کے لیے متجسس ہوں کہ وہ (اسٹیبلشمنٹ)کیسے سوچتے ہیں۔ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ مجھے ریس سے باہر نکالنے سے پاکستان کو کیسے فائدہ ہو گا؟ میں اس وقت اس تمام منظرنامے کو محض دیکھ رہا ہوں، یہ ممکن ہے کہ وہ مجھے جیل میں ڈال دیں، دیکھیں اور انتظار کریں۔تاہم یہ خیال یکسر غلط ہے کہ میں ہار مان جاﺅں گا یا یہ سب کچھ قبول کرکے خاموش بیٹھ جاﺅں گا۔ ایسا ہرگز نہیں ہو گا۔