تمام فضائی حادثات کی رپورٹ جاری کرنے کا اعلان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ طیارہ حادثہ کی شفاف اور غیرجانبدار انکوائری اور واقعہ سے جڑے حقائق کو منظرعام پر لانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ متعلقہ اداروں اور حکام کے اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ماضی میں ہونے والے تمام حادثوں کی رپورٹس بھی منظرعام پر لائی جائیں۔
عید سے ایک روز قبل پی آئی اے کے ہولناک حادثے نے ملکی فضاء کو مزید سوگوار بنا دیا تھا۔ ابتدائی رپورٹ میں حتمی طورپر کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ ایئر کریوز کی غلطی تھی‘ گرائونڈ کریوز نے درست رہنمائی نہیں کی یا کوئی فنی خرابی تھی۔ وزیر ہوا بازی سرور خان نے 22 جون کو عبوری تحقیقاتی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے صحیح صورتحال سامنے آسکے گی۔ ہوائی سفر میں غلطی کا مطلب کئی جانوں کا نقصان ہے۔جہازوں کا صد فیصد تکنیکی اعتبار سے فٹ اور عملے کا تربیت یافتہ ہونا نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیر ہوابازی نے یہ بھی کہا ہے کہ پی آئی اے میں جعلی ڈگریوں کا بھی تذکرہ رہا۔ تصدیق پر پائلٹ‘ انجینئراور ٹیکنیکل سٹاف بھی جعلی ڈگریوں کا حامل نکلا۔ پی آئی اے میں جب تک ایک بھی میرٹ سے ہٹ کر بھرتی کیا گیا فرد موجود ہے‘ سفر کو محفوظ نہیں بنایا جا سکتا۔ وزیراعظم نے اس سے پہلے کے حادثات کی رپورٹس بھی جاری کرنے کی ہدایت کی ہے جس سے بہت کچھ سامنے آنے کی امید ہے۔ اسکے بعد اصلاح احوال ہو سکے گی۔