عوام کی ٹیکس ادائیگی کی صورت میں ہی ملک ترقی کرے گا, 22 کروڑ آبادی کا صرف ایک فیصد ٹیکس گوشوارے جمع کراتا ہے: وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک صرف اسی صورت میں ترقی کرے گا جب عوام اپنا ٹیکس ادا کریں گے۔پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان پر قوم کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ بائیس کروڑ آبادی کا صرف ایک فیصد ٹیکس گوشوارے جمع کراتا ہے جو کہ بہت کم ہے۔لوگوں کی جانب سے ٹیکس نہ دینے کے باعث حکومت عوام کے لئے ہسپتالوں کی تعمیر' سکولوں اور دیگر سہولیات فراہم کرنے سے قاصر ہے۔وزیراعظم نے ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم سے فائدہ اٹھائیں جس کے تحت لوگ اپنے غیر ظاہر شدہ اثاثے سامنے لاسکتے ہیں جس سے عوامی فلاح کے لئے ٹیکس جمع کرنے میں حکومت کی مدد ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ یہ سکیم اگلے ماہ کی 30 تاریخ تک جاری رہے گی اور اس کے بعد کسی کیلئے بھی استثنا کی کوئی سکیم نہیں آئے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس جمع کرنے والے اداروںنے غیرظاہر شدہ اثاثوں والے لوگوں سے متعلق معلومات تک رسائی حاصل کرلی ہے اور مزید معلومات بھی حاصل کی جارہی ہے ۔عمران خان نے کہا کہ ٹیکس کی رقم عوام اور ملک پر خرچ کی جائے گی انہوں نے یقین دلایا کہ یہ رقم چوری نہیں ہوگی کیونکہ وہ خود اس کی نگرانی کریں گے۔