پاکستان، ترکی اور ملائیشیا کے سہ فریقی اجلاس میں اسلامی تعاون تنظیم کے اصلاحاتی ایجنڈے کا جائزہ, اسلامی تعاون تنظیم کو مزید موثر تنظیم بنانے کے طریقوں پر غور
، ترکی اور ملائیشیا کے سہ فریقی اجلاس میں اسلامی تعاون تنظیم کے اصلاحاتی ایجنڈے کا جائزہ لیاگیا اور اسلامی تعاون تنظیم کو مزید موثر تنظیم بنانے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔ سہ فریقی بات چیت جمعرات کو جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرا خارجہ کی کونسل کے جاری اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ ترک اور ملائیشیا کے وزرا خارجہ نے اپنے اپنے ملکوں کی نمائندگی کی۔ اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کو ایک فعال اور موثر تنظیم دیکھنا چاہتا ہے جو اپنے قوانین پرعملدرآمد کراسکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم میں حقیقی اصلاحات کا حامی ہے جواصولوں ، قواعد ضوابط ،شفافیت اورمیرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کی مکمل معاونت کرے گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کی نگرانی کے نظام کو موثر بنایا جانا چاہیے تاکہ کوئی ملک تنظیم کے اصولوں اور قواعد و ضوابط سے انحراف نہ کرسکے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کو مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے حقیقی نمائندہ تنظیم کے طور پر ابھر کرسامنے آنا چاہیے۔ترکی اورملائیشیا کے وزرا خارجہ نے پاکستان کے نکتہ نظر کو سراہا، تینوں ملکوں نے اس سلسلے میں مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔