تحریک انصاف کا الیکشن کمیشن سے فاٹا میں انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کا مطالبہ ، نگران وزیراعلیٰ کیلئے حمایت اللہ اور اعجازقریشی کے ناموں کی منظوری
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت اسلام آباد میں مرکزی قائدین کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن سے فاٹا میں انتخابات کی تیاریاں کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ قائدین کا کہنا تھا بہتر ہو گا اگر الیکشن کمیشن فاٹا میں انتخابات کی تاریخ مقرر کردے۔ اجلاس میں پنجاب حکومت کی چھپن کمپنیوں کی آڈٹ رپورٹ میں سامنے آنے والی ایک سو چھیاسٹھ ارب کی بے ضابطگیوں کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں پنجاب اور مرکز میں اہم ترین عہدوں پر آخری لمحات میں کی جانے والی تقرریوں، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، چودہ لا افسران اور علی جہانگیر صدیقی کی بطور سفیر تقرری کی بھی شدید مذمت کی گئی۔ ان تقرریوں کے جائزے کیلئے دو کمیٹیاں بھی بنائی گئی ہیں۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں نگران وزیراعلیٰ کیلئے حمایت اللہ اور اعجازقریشی کے ناموں کی منظوری دی گئی۔ پارلیمانی بورڈز کا اجلاس منعقد کرنے اور ٹکٹوں کے اجرا کا عمل شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔