
المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ دنیا کے 22 ممالک میں موثر نیٹ ورک اور متحرک ٹیم کے ساتھ رنگ، نسل، مذہب، علاقہ اور فرقہ کی تفریق اور امتیاز سے بالاتر ہو کر، لاچار اور بیمار، بے بس اور بے کس خلق خدا کی بے لوث خدمت کے لیے سرگرم عمل عالمی فلاحی تنظیم ہے۔ 2006ء میں انگلینڈ میں ’’المصطفیٰ‘‘ کے کام کا آغاز کیا گیا۔ آج الحمد اللہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے تمام چھوڑے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں سمیت دنیا کے 22 ممالک میں ’’المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ‘‘ کا فعال سیٹ اپ دْکھی انسانیت کے درد بانٹنے کے لیے ’’ہر وقت خدمت اور بروقت خدمت‘‘ کے جذبے کے ساتھ سرگرم عمل ہے اور خوشیوں سے محروم انسانوں کو سکھ اور سکون فراہم کرنے کا مشن صادق جذبے اور نیک نیتی کے ساتھ جاری ہے،المصطفیٰ کی ٹیم کا یقین اور عقیدہ ہے کہ ’’خالق تک رسائی، مخلوق سے بھلائی کے بغیر ممکن نہیں‘‘۔ ’’المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ‘‘ کی عالمگیر فلاحی خدمات کچھ یوں ہیں۔
آنکھوں کے ایک لاکھ تہتر ہزار مفت آپریشن مکمل
’’المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ‘‘ انٹرنیشنل کے زیر اہتمام پچھلے کئی برس سے ’’روشنی سب کے لیے‘‘ کے سلوگن کے تحت پاکستان، بنگلہ دیش، کینیا، گیمبیا، سری لنکا، یمن، شام، انڈونیشیا ، ملاوی، نائیجیریا، افغانستان، عراق اور برما سمیت مختلف غریب خطوں اور ملکوں میں ’’فری آئی کیمپ‘‘ لگانے کا سلسلہ باقاعدگی اور کامیابی کے ساتھ جاری ہے. برس ہا برس سے جاری المصطفیٰ ٹرسٹ کے ان فری آئی کیمپوں کے ذریعے اب تک ایک لاکھ 73 ہزار آنکھوں کے مفت آپریشن مکمل کئے جا چکے ہیں۔ جس کا مکمل ڈیٹا (مریضوں کی تصاویر، ایڈریسز، فون نمبرز اور شناختی کارڈز) المصطفیٰ کے ریکارڈ میں موجود ہے. ان فری آئی کیمپوں میں آپریشن سے پہلے ہر مریض کے بلڈ پریشر، شوگر، ہیپاٹائٹس اور ایڈز کے ٹیسٹ بھی مفت کئے جاتے ہیں اور مریضوں کو ’’المصطفیٰ‘‘ کی طرف سے عینکیں، لینز، ادویات اور کھانا بھی مفت پیش کیا جاتا ہے۔
فری آئی کیمپ کے ایک ہفتہ بعد ڈاکٹرز کی ٹیم فالو اپ کے لیے دوبارہ کیمپ والے مقام پر پہنچ کر آپریشن کروانے والے مریضوں کا چیک اپ کرتی ہے. 2022ء کے دوران ’’المصطفیٰ‘‘نے پاکستان میں 132685 ، بنگلہ دیش میں 23671 ، برما میں 983 ، سری لنکا میں 2436 ، کینیا میں 5941 ،ملاوی میں 2377 ، غزہ فلسطین میں 1990ء افراد کی آنکھوں کے مفت آپریشن مکمل کر کے بجھی آنکھوں کی روشنی بحال کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ’’المصطفیٰ‘‘کے فری آئی کیمپوں میں 801249 نظر کے چشمے مفت تقسیم کئے جا چکے ہیں اور 1219453 آنکھوں کا مفت کمپیوٹرائزڈ معائنہ کیا گیا۔
المصطفیٰ آئی ہسپتال
اللہ کریم کے فضل و کرم سے ’’المصطفیٰ‘‘ نے پاکستان کے دل لاہور اور لاہور کے دل مزنگ روڈ پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سے متصل ، برٹش کونسل اور پنجاب اسمبلی کے نواح میں نہایت شاندار ’’المصطفیٰ آئی ہسپتال‘‘ قائم کرنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔ المصطفیٰ کے اس سٹیٹ آف آرٹ ہسپتال میں پرچی سے آپریشن تک تمام تر سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ 14 نومبر 2020ء کو اس وقت کے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور معروف روحانی و علمی شخصیت علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے اس ہسپتال کا افتتاح کیا. افتتاح کے بعد دو سال کے مختصر عرصہ میں ’’المصطفیٰ آئی ہسپتال‘‘ میں 5541 آنکھوں کے مفت آپریشن مکمل ہو چکے ہیں۔ اس طرح یہ ہسپتال لاہور میں آنکھوں کے سب سے زیادہ مفت آپریشن کرنے والا ہسپتال بن چکا ہے. صرف دو سال کے دوران ’’المصطفیٰ آئی ہسپتال‘‘ کے شعبہ او پی ڈی اور ہسپتال کی جانب سے لاہور اور اس کے گرد و نواح میں لگائے جانے والے کیمپوں سے ایک لاکھ پندرہ ہزار مریضوں نے استفادہ کیا۔ ہسپتال میں جدید ترین مشینری نصب کی گئی ہے. میو ہسپتال لاہور کے شعبہ امراض چشم کے چیئرمین اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر ناصر چوہدری ’’المصطفیٰ آئی ہسپتال‘‘ میں ایچ او ڈی اور سرجن کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ المصطفیٰ آئی ہسپتال کی ٹیم لاہور کے مختلف علاقوں اور لاہور کے گردو نواح میں ہر روز او پی ڈی کیمپ لگا کر مریضوں کی سکریننگ کر کے سفید موتیا کے مریضوں کو آپریشن کے لیے ہسپتال لانے کا بندوبست کرتی ہے۔ ہر بدھ اور جمعہ کو ہسپتال میں آپریشن کئے جاتے ہیں۔ المصطفیٰ آئی ہسپتال کی طرف سے لاہور شہر میں 560 فری آئی کیمپ لگائے جا چکے ہیں جبکہ ان کیمپوں اور ہسپتال میں 60 ہزار نظر کے چشمے تقسیم کئے گئے۔ المصطفیٰ آئی ہسپتال بجھی آنکھوں کی روشنی پھر سے بحال کرنے کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ہسپتال کے سٹاف کی خصوصی تربیت کی گئی ہے کہ وہ ہسپتال آنے والے غریب مریضوں کو وی آئی پی پروٹوکول دیں، ہسپتال میں مریضوں کی عزت و وقار کا خاص خیال رکھا جاتا ہے اور ہسپتال آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو دوپہر اور شام کا کھانا بھی پیش کیا جاتا ہے۔ المصطفیٰ آئی ہسپتال میں لاہور یونیورسٹی اور سپیریئر یونیورسٹی کے طلبائو طالبات ٹریننگ کے لیے بھی آتے ہیں۔ ہسپتال کے توسیعی منصوبہ کے تحت مزید دو فلور کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ مستقبل میں المصطفیٰ آئی ہسپتال میں آنکھوں کی پیوندکاری شروع کرنے کی منصوبہ بندی تیار کر لی گئی ہے۔
المصطفیٰ دستر خوان
المصطفیٰ آئی ہسپتال لاہور کے ساتھ کشادہ جگہ پر ’’المصطفیٰ دسترخوان‘‘ بھی کامیابی کے ساتھ چل رہا. اس دستر خوان میں المصطفیٰ آئی ہسپتال میں آنے والے مستحق مریضوں اور ان کے لواحقین کے علاوہ غریبوں، مزدوروں اور ضرورت مند طلباء کو دوپہر اور شام کا معیاری کھانا مفت اور عزت و احترام کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ دسترخوان میں میزیں کرسیاں لگا کر کھانا کھلانے کا شاندار اہتمام کیا گیا ہے۔ اس دسترخوان میں ہر رز 500 افراد دوپہر اور شام کا کھانا کھاتے ہیں جبکہ رمضان المبارک میں ہر روز فری افطار ڈنر کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں 700 سے زائد افراد شریک ہوتے ہیں۔ 2022ء کے دوران المصطفیٰ دستر خوان میں کم و بیش ایک لاکھ چالیس ہزار بندگانِ خدا کو کھانا کھلایا گیا۔
فوڈ بیگز کی تقسیم
المصطفیٰ کی طرف سے غریب اور مستحق خاندانوں میں کھانے پینے کی اشیاء پر مشتمل فوڈ پیکٹس تقسیم کرنے کی خوبصورت روایت کئی برس سے جاری ہے۔ ان فوڈ بیگز میں کئی ماہ کا راشن پیک کیا جاتا ہے۔ 2022ء کے دوران 61217 فوڈ بیگم تقسیم کئے گئے۔ پاکستان میں 20162 ، بنگلہ دیش میں 1528 ، برما کے روہنگیا مہاجرین میں 3708 ، سری لنکا میں 1008 ، کینیا میں 5260 ، تنزانیا میں 5928 ، ملاوی میں 2100 ، غزہ فلسطین میں 9200 ، یروشلم میں 683 ، لبنان میں 1830 ، شام کے مہاجر میں 8610 فوڈ بیگز تقسیم ہوئے۔
ونٹر ڈسٹری بیوشن
المصطفیٰ کے زیر اہتمام ہر برس سردیوں کے موسم میں مستحق افراد اور غریب خاندانوں کو رضائیاں، گرم کپڑے، جرسیاں اور گرم چادریں فراہم کی جاتی ہیں۔ 2022ء کے دوران پاکستان، فلسطین، شام، یمن سمیت مختلف ممالک میں سردی سے بچائو کی اشیاء پر مشتمل 12710 بیگز تقسیم کئے گئے۔ 9646 ونٹر فوڈ پیکس، 5399 کمبل، 4967 ہیٹرز اور 180 عارضی شیلٹرز تقسیم کئے گئے۔ ہر سال سردیوں میں ’’المصطفیٰ‘‘ کی ٹیم فٹ پاتھوں اور پارکوں میں کھلے آسمان کے نیچے سونے والوں کو رضائیاں، کمبل اور گرم چادریں پیش کرنے کی مہم بھی چلاتی ہے۔