بزنس کمیونٹی کی خدمت کیلئے یوبی جی سیکریٹریٹ قائم کردیا ، ایس ایم منیر
کراچی(کامرس رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)نے کراچی کے اہم ترین علاقے سندھی مسلم کوآپریٹوہائوسنگ سوسائٹی میں یو بی جی سیکریٹریٹ قائم کردیا ہے، سیکریٹریٹ میں ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ سیکریٹری جنرل بھی اپنے فرائض انجام دے گا۔گزشتہ روز یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرنے یو بی جی سیکریٹریٹ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر یو بی جی کے سیکریٹری جنرل زبیرایف طفیل، سندھ ریجن کے چیئرمین خالدتواب،وائس چیئرمین اور سیکریٹریٹ کے نگراں نوراحمدخان،ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئرنائب صدرسیدمظہرعلی ناصر، سابق نائب صدورطارق حلیم اورحنیف گوہر،غضنفرعلی خان،شاہین الیاس سروانہ،مسلم محمدی،ہمایوںلئیق اور دیگر بھی موجود تھے۔ سرپرست اعلیٰ یو بی جی ایس ایم منیر نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یو بی جی سیکریٹریٹ قائم کرکے ہم تمام ٹریڈ باڈیز،چیمبرز،ایسوسی ایشنز سے موثر انداز میں رابطے میں رہیں گے،یو بی جی کی سرگرمیاں تیز کی جائیں گی،مختلف کمیٹیاں قائم کرکے انکے اجلاس منعقد کئے جائیں گے اور نوجوانوں اور خواتین کو ان کمیٹیوں میں شامل کیا جائے گا۔ایس ایم منیرنے کہا کہ سیکریٹریٹ کے ذریعہ پاکستان کے تمام ہی شہروں میں نوجوانوں کو فعال کردار ادا کرنے کیلئے ذمہ داریاں دی جائیں گی تاکہ ہمارا بزنس کمیونٹی سے بدستور رابطہ رہے اور انکے مسائل حل کرانے کی جدوجہد کو بدستور جاری رکھی جاسکے،ہم نے یو بی جی کی شکل میں ایک چھوٹا سا پودا لگا تھا جو آج تن آوردرخت بن چکا ہے۔ایس ایم منیر نے کہا کہ تاجر، صنعتکاراورایکسپورٹرز ملک کا سرمایہ ہیں اورمشکل ترین حالات میں بھی کاروبار جاری رکھتے ہوئے جہاد کر رہے ہیں،انہیںاچھے دنوں کا انتظارہے ، وزیراعظم عمران خان کی کوششوں سے ملکی برآمدات میں تیزی آرہی ہے۔