کوروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،فردوس عاشق اعوان
اطلاعات و نشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ کوروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔پیر کے روز متعدد ٹویٹس میں انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اجتماعی قومی کوششوں سے اس مسئلے پر قابو پالیں گے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ عوام کی صحت وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے صحت کا بجٹ بڑھایا ہے جو اس شعبے کو مضبوط بنانے میں اس کی سنجیدگی کا عکاس ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صحت کے شعبے کی ترقی حقیقی قومی خدمت ہے، انہوں نے کہاکہ اعدادوشمار ثابت کررہے ہیں کہ یہ شعبہ گزشتہ حکومتوں کی ترجیحات میں شامل نہیں تھا اور انہوں نے صرف اپنے ناموں کی تختیاں ہی نصب کیں۔