کرونا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر جاری ‘ہسپتالوں میں سہولتیں نہیں:لیاقت بلوچ
لاہور( خصوصی نامہ نگار ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ احتیاطی تدابیر کا زیادہ تر خیال رکھا جارہاہے لیکن ہسپتالوں میں سہولتیں نہیں۔ کورونا وائرس لیبارٹریز ٹیسٹ بہت ہی دشوار ہے۔ معمول کی بیماری کے علاج کے لیے بھی بڑی مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ملک بھر میں منظم ، ہمہ گیر ، عوام دوست ہیلتھ ایمر جنسی نظام نہیں ہے عوام در بدر ہوگئے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ سندھ حکومت نے کورونا بچا ؤکے لیے بروقت انتظامات کیے اور اپنا کردار ادا کیاہے دیگر صوبے تاخیر سے فعال ہوئے لیکن وفاقی حکومت ابھی بھی واضح دوٹوک فیصلوں کے راستہ پر نہیں آسکی۔ لاک ڈاؤن ، صوبوں سے کوآرڈی نیشن ، پارلیمنٹ ، سیاسی ، جمہوری ، دینی قیادت کے ساتھ مل کر متفقہ قومی لائحہ عمل بنانے میں حکومت ناکام ہے۔اسلامی جمہوری پاکستان میں حکومت کی ترجیح صرف اور صرف عوام کو مساجد، خانقاہوں اور مزارات سے دور رکھنے کی ہی ترجیح نہیں بن جانی چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ علماء ، مشائخ ، مفتیان کرام اور دینی قیادت نے مثبت اور تعمیری کردارادا کیاہے۔