نواز کے وژن سے امن آیا تو ملالہ بھی واپس آئیں:مریم اورنگزیب

30 مارچ 2018 (18:36)

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے وژن کے مطابق ملک میں امن آیا توملالہ بھی وطن آئیں ۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان نے منی ٹریل کے ساتھ تین دستاویز پیش کیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ قطری لیٹر، ٹرسٹ ڈیڈ اور گلف اسٹیل کی مشینری ٹرانسفرکی دستاویز دیں، جے آئی ٹی نے کیس میں شریف خاندان کی یہ شہادتیں شامل نہیں کیں۔وزیر مملکت کا کہنا ہے کہ واجد ضیا نے ان فرم اور شخصیات سے رابطہ نہیں کیا، جنہوں نے یہ دستاویزات دیں،شریف خاندان کے خلاف سیاسی کیسز ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عدالت میں شریف خاندان کا ترجمان نہیں واجد ضیا بیان دے رہے ہیں، ریاست اور سیاست کو الگ ہونا چاہیے.انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے وژن کے مطابق ملک میں امن آیا توملالہ بھی وطن آئیں ، ملالہ یوسفزئی کی پاکستان واپسی دہشت گردی کے خلاف ملک کی فتح ہے.وزیر مملکت نے کہاکہ وہ افراد جو دہشت گردی کا شکار ہونے کے باعث ملک چھوڑ گئے تھے واپس آنا شروع ہوگئے ہیں اور یہ پوری قوم سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے سکیورٹی اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابی ہے۔