اسرائیلی گولا باری سے فلسطینی کسان شہید ، ایک شخص زخمی

30 مارچ 2018 (15:12)

اسرائیل کی جانب سے گولا باری کے نتیجے میں ایک فلسطینی کسان شہید اور ایک شخص زخمی ہو گیا ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق فلسطینی محکمہ صحت کے حکام اور رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے گولا باری کے نتیجے میں ایک فلسطینی کسان شہید اور ایک شخص زخمی ہو گیا ہے۔ترجمان کے مطابق یہ کارروائی جمعے کو جنوبی غزہ میں خان یونس کے علاقے کے قریب ہوئی ہے۔تاہم اسرائیلی فوج کی جانب سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیلی سرحد کے ساتھ چھ ہفتوں تک جاری رہنے والے مظاہروں کی کال کے بعد سے اس علاقے میں حالات پہلے ہی کشیدہ ہیں۔غزہ میں بی بی سی کے پروڈیوسر رشدی ابوآلوف کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے کسان اور زخمی ہونے والا شخص کھیتوں میں موجود تھے کہ ٹینکوں سے کی جانے والی شیلنگ کی زد میں آگئے۔دوسری جانب حماس نے اسرائیل پر ایک کسان کو مار کر فلسطینیوں کو ڈرانے کا الزام لگایا ہے تاکہ وہ ان مظاہروں میں شریک نہ ہوں۔