تعلیم کے فروغ سے پاکستان کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتا ہے: رانا مشہود احمد خان

30 مارچ 2018

لاہور (پ ر) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ہمیں تعلیم سے اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنا ہے اور پاکستان کو ایک مثالی ملک بنانا ہے جن معاشروں میں تعلیم کو اہمیت دی گئی وہ معاشرے ترقی کی راہوں پر گامزن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز الحمرا ہال نمبر1 مال روڈ پر یونیک جونیئر سکول کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بچوں نے مختلف نغمے، خاکے اور پرفارمنسز پیش کیں جن کو ناظرین نے سراہا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ دنیا کے مہذب معاشروں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت اور دیگر سرگرمیوں کو بھی خصوصی اہمیت حاصل ہوتی ہے جس سے بچوں کی کردار سازی میں خصوصی مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اساتذہ اور والدین کو سلام پیش کرنا چاہئے جو اپنے بچوں کے اچھے مستقبل کیلئے اپنا حال قربان کر دیتے ہیں تاکہ وہ ناصرف ایک اچھے انسان بن سکیں بلکہ ان کا مستقبل بھی روشن ہو سکے۔