پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کا کتب کلیئرنس سرٹیفکیٹ کا اجرا

30 مارچ 2018

لاہور (پ ر) پی سی ٹی بی ایکٹ کے سیکشن 10 کے نفاذ کے سلسلے میں پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے نجی پبلشرز کی تیار کردہ کتب کو کلیئرنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا آغاز کر دیا گیا۔ ایکٹ کے عملی طور پر اطلاق کے پہلے مرحلے میں آج پی سی ٹی بی آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب کے دوران آٹھ کتب کے کلیئرنس سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے پی سی ٹی بی کے مینجنگ ڈائریکٹر عبدالقیوم نے کہا کہ پہلے مرحلے میں اسلامیات، اردو، انگلش اور سوشل سٹڈیز کی کتب کا جائزہ لیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ نجی پبلشرز کی تیار کردہ ایک ہزار سے زائد کتب بورڈ کو موصول ہو چکی ہیں اور نظرثانی کا عمل جاری ہے۔ ایم ڈی ٹیکسٹ بک بورڈ نے اس عمل کو بورڈ کی تاریخ میں ایک سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ملک، ایک قوم اور ایک سوچ کی بنیاد پر نصاب سازی کے عمل کو آگے بڑھایا جائیگا۔ اس موقع پر معروف پبلشر ڈاکٹر نعیم خالد نے اپنی کتب کے کلیئرنس سرٹیفکیٹ وصول کئے اور بورڈ کی کاوشوں کو سراہا۔ یاد رہے کہ پرائیویٹ پبلشرز کی اشاعت شدہ کتب کی نظرثانی کا یہ عمل چند کتب میں متنازع مواد کی اشاعت کے سدباب کے لئے شروع کیا گیا۔